خیبرپختونخوا میں بارشوں نے تباہی مچادی، مختلف حادثات میں 18 افراد جاں بحق، 19 زخمی

19 جولائی سے صوبے میں ہونے والی تیز بارشوں اور فلیش فلڈ کے باعث جاں بحق افراد میں 7 مرد، 8 بچے اور 3 خواتین شامل ہیں


ویب ڈیسک July 22, 2026

پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا کے مطابق 19 جولائی سے اب تک صوبے میں ہونے والی تیز بارشوں اور فلیش فلڈ کے باعث گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے، جبکہ سیلابی ریلوں میں بہہ جانے کے مختلف واقعات میں 18 افراد جاں بحق اور 19 زخمی ہوئے ہیں۔

بیان کے مطابق جاں بحق افراد میں 7 مرد، 8 بچے اور 3 خواتین شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 11 مرد، 4 خواتین اور 4 بچے شامل ہیں۔ تیز بارشوں اور فلیش فلڈ کے باعث مجموعی طور پر 30 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں 23 گھروں کو جزوی جبکہ 7 گھر مکمل طور پر منہدم ہوئے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق یہ حادثات پشاور، نوشہرہ، خیبر، مردان، بونیر، باجوڑ، شانگلہ، صوابی، لوئر چترال، لوئر و اپر دیر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، تورغر، کرم اور شمالی و جنوبی وزیرستان میں پیش آئے۔ پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے باہمی رابطے میں ہیں اور امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو متاثرین تک جلد امدادی سامان پہنچانے، امدادی سرگرمیاں تیز کرنے اور فوری معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے کے تمام دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح اور بہاؤ معمول کے مطابق ہے، تاہم تیز بارشوں کا سلسلہ 23 جولائی تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔ اس حوالے سے تمام ضلعی انتظامیہ کو پہلے ہی الرٹ رہنے کے لیے مراسلہ جاری کیا جا چکا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ بلا ضرورت سفر سے گریز کریں، حساس سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں اور حکومتی اداروں کی جانب سے جاری الرٹس اور ایڈوائزری پر عمل کریں۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے، جبکہ عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے، موسمی صورتحال سے آگاہی یا معلومات کے لیے فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔