’بھول بھلیاں 4‘ سے متعلق نئی اپڈیٹ، روح بابا کا کردار کون ادا کرے گا؟

پروڈیوسر بھوشن کمار اور ان کی ٹیم نے فلم کے چوتھے پارٹ کی کہانی پر کام شروع کر دیا ہے۔


ویب ڈیسک July 22, 2026

بالی ووڈ کی کامیاب ہارر کامیڈی فرنچائز ’بھول بھلیاں‘ کے چوتھے پارٹ کی تیاریاں شروع ہو گئی ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پروڈیوسر بھوشن کمار اور ان کی ٹیم نے فلم کے چوتھے پارٹ کی کہانی پر کام شروع کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق انیس بزمی، جنہوں نے ’بھول بھلیاں 2‘ اور ’بھول بھلیاں 3‘ کی ہدایت کاری کی تھی، چوتھی فلم کی ہدایت کاری کے لیے زیر غور ہیں۔ اس کے علاوہ، کارتک آریان بھی اس فلم کا حصہ ہوں گے۔

رپورٹس کے مطابق انیس بزمی اس وقت اکشے کمار کے ساتھ اپنی نئی فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جس کے بعد وہ ’بھول بھلیاں 4‘ کی تخلیقی تیاریوں کا آغاز کریں گے۔

اگر تمام معاملات طے پا گئے تو فلم کی شوٹنگ 2027 کے دوسرے نصف میں شروع کیے جانے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ ’بھول بھلیاں‘ کا پہلا پارٹ 2007 میں اکشے کمار کے مرکزی کردار کے ساتھ ریلیز ہوا تھا، جبکہ اس کے بعد آنے والے دونوں حصوں میں کارتک آریان نے روح بابا کا کردار ادا کیا اور دونوں فلمیں باکس آفس پر کامیاب رہیں۔