کراچی:
سندھ حکومت نے سوشل میڈیا پر گمراہ کن پروپیگنڈے کے خلاف اقدامات کا فیصلہ کرلیا۔
وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ اطلاعات کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سوشل میڈیا پر ملکی مفادات کے خلاف چلنے والی منفی مہمات کو ناکام بنانے کے لیے حکمت عملیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ بعض عناصر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ملک اور قومی مفادات کے خلاف گمراہ کن معلومات پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، جن کے خلاف قانون کے مطابق مؤثر کارروائی ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ سائبر جرائم کی روک تھام کے لیے صوبائی سطح پر ایک خصوصی سیل قائم کیا جانا چاہیے تاکہ جھوٹی خبروں اور منفی پروپیگنڈے کا بروقت اور مؤثر تدارک کیا جا سکے۔
سینئر وزیر کا کہنا تھا کہ اظہارِ رائے کی آزادی ہر شہری کا آئینی حق ہے، تاہم اس کی آڑ میں جھوٹے اور گمراہ کن پروپیگنڈے کی ہرگز اجازت نہیں دی جا سکتی۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت سندھ قومی مفادات کے تحفظ اور درست معلومات کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔