مامیہ جعفر کے الزامات نے ارسلان بٹ پر کیا اثر ڈالا؟ اداکار نے خاموشی توڑ دی

اداکار کا کہنا ہے کہ ’’یقیناً ایسے الزامات سے کسی کا بھی کیریئر ختم ہو سکتا ہے۔‘‘


ویب ڈیسک July 22, 2026

پاکستانی اداکار ارسلان بٹ نے اداکارہ مامیہ شاہ جعفر کی جانب سے عائد کیے گئے ہراسانی کے الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے الزامات کسی بھی شخص کا کیریئر تباہ کر سکتے ہیں۔

ارسلان بٹ نے حال ہی میں فریحہ فرخ کے پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لے رہے ہیں اور انہوں نے قانونی طور پر اس سے نمٹنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اداکار کا کہنا ہے کہ ’’یقیناً ایسے الزامات کسی کے کیریئر پر اثر ڈال سکتے ہیں۔ میں نے پاکستان ہی نہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی بڑے ناموں کے ساتھ کام کیا ہے، مگر آج تک کسی نے میرے کردار پر انگلی نہیں اٹھائی۔ میرے دوست اور ساتھی ہمیشہ میرے اخلاق اور رویے کی تعریف کرتے ہیں۔‘‘

انہوں نے مزید کہا، ’’میرے پاس اس شخص کو خاموش کرانے کے ہزار طریقے ہیں، لیکن میں صرف قانونی راستہ اختیار کر رہا ہوں۔ میں اس معاملے کو صبر اور قانون کے ذریعے نمٹاؤں گا۔‘‘

واضح رہے کہ چند ماہ قبل اداکارہ مامیہ شاہ جعفر نے ارسلان بٹ پر ہراسانی اور نامناسب رویے کے الزامات عائد کیے تھے، بعد ازاں انہوں نے اپنے الزامات واپس لے لیے تھے۔