ذخیرہ اندوزوں سے مبینہ ملی بھگت پر محکمہ خوراک کے 5 افسران معطل

معطل افسران میں فوڈ سپروائزر شفاعت بلوچ، ندیم احمد، خلیل احمد، نصیر احمد میمن اور فوڈ انسپکٹر وحید احمد شیخ شامل ہیں


ویب ڈیسک July 22, 2026

صوبائی وزیر خوراک مخدوم محبوب الزمان نے گندم کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران سامنے آنے والی سنگین بے ضابطگیوں پر بڑا فیصلہ کرتے ہوئے ذخیرہ اندوزوں سے مبینہ ملی بھگت پر ضلع خیرپور سے تعلق رکھنے والے محکمہ خوراک کے پانچ افسران کو فوری طور پر معطل کر دیا۔

معطل کیے گئے افسران میں فوڈ سپروائزر شفاعت بلوچ، ندیم احمد شیخ، خلیل احمد میمن، نصیر احمد میمن اور فوڈ انسپکٹر وحید احمد شیخ شامل ہیں۔ صوبائی وزیر خوراک نے کہا کہ ملوث افسران نے مبینہ طور پر کارروائی سے قبل گندم کے ذخائر خفیہ طور پر دوسری جگہ منتقل کرائے، جبکہ بعض اہلکاروں نے چھاپوں کی پیشگی اطلاع بھی ذخیرہ اندوزوں تک پہنچائی۔

مخدوم محبوب الزمان نے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں کے سہولت کار سرکاری اہلکاروں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال اور عوامی مفاد کے خلاف کام کرنے والوں کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔

انہوں نے پانچوں معطل افسران کے خلاف شفاف، غیر جانبدار اور میرٹ پر مبنی محکمانہ انکوائری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ذخیرہ اندوزی، ناجائز منافع خوری اور مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ عوام کو سستا آٹا فراہم کرنا اور گندم کی بلا تعطل فراہمی حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے۔