دنیا کے مشہور یوٹیوبر جمی ڈونلڈسن المعروف مسٹر بیسٹ نے اپنی دیرینہ دوست، گیمنگ اسٹریمر اور کنٹینٹ کریئیٹر تھیا بوئسن کے ساتھ باقاعدہ شادی کرلی۔ انہوں نے اپنی نئی زندگی کے آغاز کی خوشخبری سوشل میڈیا پر مداحوں کے ساتھ شیئر کی، جس کے بعد مبارکباد کے پیغامات کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
مسٹر بیسٹ نے انسٹاگرام پر شادی کی یادگار تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا، ’مجھے میری مسز بیسٹ مل گئی، اور یہ میری زندگی کا بہترین دن تھا۔‘ تصاویر میں نوبیاہتا جوڑا خوشگوار اور رومانوی انداز میں دکھائی دیا، جبکہ ان کی پوسٹ دیکھتے ہی مداحوں نے نیک تمناؤں اور محبت بھرے پیغامات سے کمنٹ سیکشن بھر دیا۔
ایک مداح نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’جمی، تم ہر خوشی کے حقدار ہو،‘ جبکہ ایک اور صارف نے انہیں ایک دوسرے کے لیے بہترین جوڑی قرار دیا۔
شادی کے موقع پر 28 سالہ مسٹر بیسٹ نے کریم رنگ کا ٹکسیڈو اور سیاہ بو ٹائی پہن رکھی تھی، جبکہ 26 سالہ تھیا بوئسن سفید رنگ کے نفیس لیس سے مزین عروسی لباس میں جلوہ گر ہوئیں۔ دونوں کی تصاویر خوشی، محبت اور جشن کے خوبصورت لمحات کی عکاسی کرتی نظر آئیں۔
رپورٹس کے مطابق مسٹر بیسٹ اور تھیا بوئسن کی پہلی ملاقات 2022 میں جنوبی افریقا میں ایک مشترکہ دوست کے ذریعے ہوئی تھی۔ یوٹیوب، سائنس اور نئی چیزیں سیکھنے کے مشترکہ شوق نے دونوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں اہم کردار ادا کیا۔
بعد ازاں جنوری 2025 میں مسٹر بیسٹ نے منفرد انداز میں اپنی منگنی کا اعلان کیا تھا، جس نے سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کی تھی۔
تھیا بوئسن جنوبی افریقا سے تعلق رکھنے والی معروف گیمنگ اسٹریمر، مصنفہ اور ڈیجیٹل کنٹینٹ کریئیٹر ہیں۔ انہوں نے اسٹیلن بوش یونیورسٹی سے قانون میں بیچلرز اور نفسیات میں آنرز کی ڈگری حاصل کی، جبکہ بعد میں یونیورسٹی آف ایڈنبرا سے ہیومن کاگنیٹو نیورو سائیکالوجی میں ماسٹرز بھی مکمل کیا۔
تھیا 2016 سے ٹوئچ اور یوٹیوب پر سرگرم ہیں اور خاص طور پر اسٹریٹجی کارڈ گیمز کی اسٹریمنگ کی وجہ سے آن لائن دنیا میں نمایاں مقام رکھتی ہیں۔