ویرات کوہلی اور انوشکا شرما دوبارہ ننگے پاؤں آشرم پہنچ گئے، ویڈیوز وائرل

وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ انوشکا اور کوہلی ننگے پاؤں رادھا کیلی کنج آشرم کی جانب جا رہے ہیں


ویب ڈیسک July 22, 2026

بھارتی کرکٹ ٹیم کے معروف بلے باز ویرات کوہلی اور بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما ایک بار پھر روحانی سکون کی تلاش میں ورنداون پہنچ گئے، جہاں انہوں نے روحانی پیشوا پریمانند مہاراج سے ملاقات کرکے ان کی دعائیں اور آشیرواد حاصل کیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دونوں میاں بیوی ننگے پاؤں رادھا کیلی کنج آشرم کی جانب جا رہے ہیں۔ سخت سیکیورٹی حصار میں ہونے والے اس دورے کے دوران ویرات اور انوشکا نے خود کو نمایاں ہونے سے بچانے کے لیے چہرے پر ماسک بھی پہن رکھا تھا۔

اس موقع پر انوشکا شرما سادہ سفید شلوار قمیض میں ملبوس تھیں، جبکہ ویرات کوہلی نے آرام دہ انداز اپناتے ہوئے شرٹ اور پینٹ پہن رکھی تھی۔ دونوں اپنے ساتھیوں کے ہمراہ آشرم پہنچے اور وہاں پریمانند مہاراج سے ملاقات کے بعد ان سے دعائیں لیں۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ ویرات کوہلی اور انوشکا شرما ورنداون گئے ہوں۔ دونوں گزشتہ چند برسوں کے دوران متعدد بار اس مقام کا رخ کرچکے ہیں اور پریمانند مہاراج سے ملاقات کو اپنی روحانی روایت کا حصہ بنا چکے ہیں۔

اس سے قبل بھی آئی پی ایل 2026 میں رائل چیلنجرز بنگلورو کی مسلسل دوسری ٹائٹل فتح کے بعد ویرات اور انوشکا ورنداون پہنچے تھے۔ اس موقع پر بھی انہوں نے رادھا کیلی کنج آشرم میں پریمانند مہاراج سے ملاقات کی تھی، جبکہ ان کی آشیرواد لیتے ہوئے تصاویر سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی تھیں۔