وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر 15 کلینک آن ویلز آزاد کشمیر روانہ کر دی گئیں۔
پنجاب کے وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے 15 کلینک آن ویلز مع ضروری ادویات آزاد کشمیر کے لیے روانہ کردیے، اس موقع پر سیکریٹری صحت و آبادی، اے ایس ٹیکنیکل و دیگر افسران بھی موجود تھے۔
خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ مریم نواز کی قیادت میں طبی سہولیات پنجاب کی حدود سے باہر بھی دیگر علاقوں تک پہنچائی جا رہی ہیں، مریم نواز صرف پنجاب ہی نہیں بلکہ کشمیر اور پورے پاکستان کی لیڈر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے عوام کی جانب سے کلینک آن ویلز سے مستفید ہونے کی خواہش کا اظہار کیا جا رہا تھا اور مریم نواز کی ہدایت تھی کلینک آن ویلز منصوبے کے ثمرات دیگر صوبوں تک بھی پہنچائے جائیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم پنجاب نے عوامی خواہشات کا احترام کرتے ہوئے صحت کی سہولیات کا دائرہ وسیع کرنے کا فیصلہ کیا اور کلینک آن ویلز منصوبہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں صحت کی سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے بعد آزاد کشمیر کے عوام کو جدید طبی سہولیات کی فراہمی وزیراعلیٰ کے وژن کا عملی ثبوت ہے، کلینک آن ویلز منصوبہ صحت کے شعبے میں عوامی خدمت اور مساوی سہولیات کی فراہمی کی روشن مثال ہے۔