فیفا ورلڈ کپ 2026 کا فائنل صرف اسپین کی تاریخی فتح ہی نہیں بلکہ ارجنٹینا کے کھلاڑیوں کے کھیل کے منافی رویوں کی وجہ سے بھی یاد رکھا جائے گا جس پر فیفا نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
فائنل میں اعزاز کا دفاع نہ کر پانے کے بعد ارجنٹینا کے کھلاڑی مشتعل ہو گئے۔ میچ ختم ہوتے ہی لیانڈرو پاریدیس نے اسپین کے کھلاڑی ایرک کو گردن سے پکڑ کر گرا دیا جبکہ مولینا، تھیاگو اور ایک اسسٹنٹ کوچ بھی جھگڑے میں ملوث رہے۔ بعد ازاں انعامات کی تقریب میں بھی ارجنٹائنی کھلاڑی اسپین کو ٹرافی دیے جانے کے دوران اسٹیج سے منہ موڑ کر کھڑے رہے جسے کھیل کے جذبے کے منافی قرار دیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق فیفا نے تحقیقات کے لیے ڈسپلنری اور اخلاقیاتی پراسیکیوٹر مقرر کر دیا ہے۔ اگر الزامات ثابت ہوئے تو ملوث کھلاڑیوں اور کوچز کو پابندی جبکہ ارجنٹینا فٹبال ایسوسی ایشن کو جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
مزید برآں، انگلینڈ کے خلاف سیمی فائنل کے بعد ارجنٹائنی کھلاڑیوں کی جانب سے متنازع بینر لہرانے کے معاملے پر بھی ایسوسی ایشن کے خلاف کارروائی اور جرمانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب انگلش پریمیئر لیگ کے سابق چیف ریفری کیتھ ہیکیٹ نے مطالبہ کیا ہے کہ کھیل میں نظم و ضبط کی مثال قائم کرنے کے لیے لیانڈرو پاریدیس پر کم از کم 10 میچوں کی پابندی عائد کی جائے۔