اسپائیڈرمین کی نئی فلم میں سیڈی سنک کا کردار کیوں چھپایا گیا؟ ہدایتکار نے راز سے پردہ اٹھا دیا

اسپائیڈرمین کی نئی فلم میں اداکارہ سیڈی سنک کے کردار سے متعلق معمہ بدستور برقرار ہے


ویب ڈیسک July 22, 2026

مارول کی نئی فلم ’اسپائیڈرمین: برانڈ نیو ڈے‘ کا آخری ٹریلر جاری ہونے کے بعد جہاں مداحوں کا جوش عروج پر پہنچ گیا ہے، وہیں اداکارہ سیڈی سنک کے کردار سے متعلق معمہ بدستور برقرار ہے۔ 

فلم کے ہدایتکار ڈیسٹن ڈینیئل کریٹن نے واضح کیا ہے کہ ان کا کردار جان بوجھ کر خفیہ رکھا گیا ہے اور اس کے پیچھے ایک اہم وجہ موجود ہے۔

ہدایتکار نے رولنگ اسٹون کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ اگر کچھ لوگ اس راز داری پر ناراض ہوتے ہیں تو وہ اس پر قابو نہیں پا سکتے۔ ان کے مطابق وہ ذاتی طور پر فلم دیکھنے سے پہلے اس کی تفصیلات جاننے کے قائل نہیں ہیں، حتیٰ کہ اگر وہ کسی فلم کا انتظار کر رہے ہوں تو اس کا ٹریلر بھی دیکھنے سے گریز کرتے ہیں۔

ڈیسٹن ڈینیئل کریٹن کا کہنا تھا کہ فلم دیکھنے کے بعد شائقین کو خود اندازہ ہو جائے گا کہ سیڈی سنک کے کردار کو خفیہ رکھنا کیوں ضروری تھا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ فلم دیکھنے کے بعد مداح ناراض ہونے کے بجائے یہی کہیں گے کہ اچھا ہوا انہیں پہلے سے اس کردار کے بارے میں کچھ معلوم نہیں تھا۔

دوسری جانب ’اسپائیڈرمین: برانڈ نیو ڈے‘ کا فائنل ٹریلر بھی جاری کر دیا گیا ہے، جس میں ایکشن سے بھرپور مناظر شامل ہیں۔ ٹریلر میں ٹام ہالینڈ ایک بار پھر پیٹر پارکر، اسپائیڈر مین کے روپ میں دکھائی دیتے ہیں، جبکہ زینڈایا بھی اپنے کردار ایم جے میں ان کے ساتھ نظر آتی ہیں۔

ٹریلر میں مارک رفالو کے مشہور کردار ہلک کی واپسی بھی دکھائی گئی ہے، جو ’ایونجرز: انفینیٹی وار‘ کے بعد پہلی بار بولتے ہوئے کہتے ہیں، ’نو بینر، اونلی ہلک‘، جس نے مداحوں کی دلچسپی مزید بڑھا دی ہے۔

فلم کی کہانی کے مطابق دنیا پیٹر پارکر کی شناخت بھلا چکی ہے، لیکن وہ اب بھی اسپائیڈر مین کی حیثیت سے نیویارک کو جرائم سے بچانے میں مصروف ہے۔ اپنے پرانے دوستوں کو اپنی زندگی میں آگے بڑھتے دیکھ کر اس کی زندگی ایک نئے موڑ پر پہنچتی ہے، جبکہ ایک ایسا طاقتور ولن سامنے آتا ہے جسے کوئی دیکھ بھی نہیں سکتا۔ یہی خطرہ پیٹر پارکر کو اپنی صلاحیتوں اور فیصلوں کی نئی آزمائش میں ڈال دیتا ہے۔