اسٹار فٹبالر ارلنگ ہالینڈ کی ویڈیو سے ہیلمٹ کا پیغام، کیرالہ پولیس کی منفرد مہم وائرل

یہ پہلا موقع نہیں کہ کیرالہ پولیس نے آگاہی کے لیے کھیلوں کی دنیا کا سہارا لیا ہو


ویب ڈیسک July 22, 2026

بھارت کی ریاست کیرالہ  میں پولیس نے ایک بار پھر سڑکوں پر حفاظت سے متعلق آگاہی کے لیے منفرد انداز اپناتے ہوئے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر ارلنگ ہالینڈ کی ویڈیو کا سہارا لیا ہے۔

وائرل ویڈیو میں مانچسٹر سٹی اور ناروے کے اسٹار اسٹرائیکر ارلنگ ہالینڈ کو موٹر سائیکل چلاتے ہوئے ہیلمٹ پہنے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو کے اختتام پر پیغام دیا گیا، ہالینڈ ہیلمٹ پہنتا ہے، کیا آپ بھی پہنتے ہیں؟

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

کیرالہ پولیس کا کہنا ہے کہ اس مہم کا مقصد دو پہیہ گاڑیاں چلانے والوں میں ہیلمٹ کے استعمال کی اہمیت اجاگر کرنا اور محفوظ سفر کی ترغیب دینا ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ کیرالہ پولیس نے آگاہی کے لیے کھیلوں کی دنیا کا سہارا لیا ہو۔ گزشتہ سال بھی رنجی ٹرافی کے ایک میچ میں کرکٹر سلمان نزار کے ہیلمٹ نے اہم کردار ادا کیا تھا جس کے بعد کیرالہ پولیس اور موٹر وہیکل ڈیپارٹمنٹ نے مشترکہ سوشل میڈیا مہم چلائی تھی۔

اس وقت کیرالہ پولیس نے لکھا تھا کہ ہیلمٹ کھیل بھی بچاتا ہے اور جان بھی جبکہ موٹر وہیکل ڈیپارٹمنٹ نے پیغام دیا تھا، ہیلمٹ صرف سڑک پر ہی نہیں، میدان میں بھی جان بچانے والا ثابت ہوتا ہے۔

کیرالہ پولیس سوشل میڈیا پر مزاحیہ انداز، وائرل رجحانات اور معروف شخصیات کی مدد سے ٹریفک قوانین اور محفوظ ڈرائیونگ سے متعلق آگاہی مہمات چلانے کے لیے شہرت رکھتی ہے۔