افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) نے ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیموں کے لیے تجربہ کار بلے باز رحمت شاہ کو نیا کپتان مقرر کر دیا جبکہ رحمان اللہ گرباز کو نائب کپتان کی ذمہ داری سونپ دی گئی۔
یہ فیصلہ حشمت اللہ شاہدی کے عہدے سے استعفے کے بعد کیا گیا۔ 31 سالہ شاہدی نے جنوری 2022 سے جون 2026 تک افغانستان کی 55 ون ڈے میچوں میں قیادت کی جن میں ان کی آخری ذمہ داری بھارت کے خلاف سیریز تھی۔
ان کی قیادت میں افغانستان نے 27 ون ڈے میچ جیتے جن میں 2023 کے ورلڈ کپ میں انگلینڈ، پاکستان، سری لنکا اور نیدرلینڈز کے خلاف یادگار فتوحات شامل ہیں۔ اس ٹورنامنٹ میں افغانستان سیمی فائنل تک رسائی کے بھی قریب پہنچ گیا تھا۔
33 سالہ رحمت شاہ نے 2018 میں بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا اور اب تک 12 ٹیسٹ اور 128 ون ڈے میچ کھیل کر 35.22 کی اوسط سے 4,121 رنز بنا چکے ہیں۔ وہ 2021 سے افغانستان کے ٹیسٹ اور ون ڈے نائب کپتان بھی رہے ہیں، تاہم یہ پہلا موقع ہوگا جب وہ قومی ٹیم کی مستقل قیادت کریں گے۔
افغانستان کرکٹ بورڈ نے اپنے بیان میں حشمت اللہ شاہدی کی خدمات، قائدانہ صلاحیتوں اور ٹیم کے لیے کردار کو سراہتے ہوئے ان کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
یہ تبدیلی نئے ہیڈ کوچ رچرڈ پائبس کی آمد کے بعد افغانستان کی قیادت میں ہونے والی اصلاحات کا حصہ ہے۔ اس سے قبل مارچ میں ابراہیم زدران کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا۔