ایران نے اردن میں امریکی ریڈار سسٹم اور ہیلی کاپٹر ہینگر تباہ کرنے کا دعویٰ کر دیا

امریکی حکام یا اردن کی حکومت کی جانب سے فوری طور پر ایران کے اس دعوے کی نہ تو تصدیق کی گئی ہے


ویب ڈیسک July 23, 2026

تہران: ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اردن میں واقع امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بناتے ہوئے متعدد اہم عسکری آلات اور دفاعی نظام تباہ کر دیے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے سرکاری ٹی وی پر نشر کیے گئے اپنے بیان میں کہا کہ کارروائی کے دوران اردن میں موجود امریکی فوجی اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔

بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حملے میں امریکی تھاڈ میزائل دفاعی نظام کے ریڈار، پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام، سی ریم ریڈار اور ایک ہیلی کاپٹر ہینگر کو تباہ کر دیا گیا۔

ایرانی حکام کے مطابق یہ کارروائی حالیہ کشیدگی کے تناظر میں کی گئی، تاہم بیان میں حملے کے وقت، مقام یا ممکنہ جانی نقصان سے متعلق مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

دوسری جانب امریکی حکام یا اردن کی حکومت کی جانب سے فوری طور پر ایران کے اس دعوے کی نہ تو تصدیق کی گئی ہے اور نہ ہی اس پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے آیا ہے۔

دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر ایران کا دعویٰ درست ثابت ہوتا ہے تو یہ خطے میں جاری کشیدگی کو مزید بڑھا سکتا ہے۔ تاہم آزاد ذرائع سے اس دعوے کی تصدیق ہونا ابھی باقی ہے۔

مشرقِ وسطیٰ میں ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی فوجی کشیدگی کے باعث خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر عالمی برادری کی گہری نظر ہے، جبکہ مختلف ممالک کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔