واشنگٹن: امریکا نے مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیشِ نظر اپنے شہریوں کے لیے عالمی سفری انتباہ جاری کرتے ہوئے انہیں خطے کا سفر کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں موجودہ سکیورٹی صورتحال انتہائی پیچیدہ ہے اور کسی بھی وقت غیر متوقع کشیدگی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ اسی وجہ سے امریکی شہریوں کو خطے کے سفر سے حتی الامکان اجتناب کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
محکمہ خارجہ نے مشرقِ وسطیٰ میں پہلے سے موجود امریکی شہریوں کو بھی محتاط رہنے، ہر وقت حالات پر نظر رکھنے اور مقامی حکام کے ساتھ ساتھ امریکی سفارت خانوں اور قونصل خانوں کی ہدایات پر عمل کرنے کی تاکید کی ہے۔
بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ خطے میں جاری کشیدگی کے باعث پروازوں کی منسوخی، فضائی حدود کی عارضی بندش اور دیگر سفری رکاوٹیں پیدا ہو سکتی ہیں، جس سے بین الاقوامی سفر متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
امریکی حکام کے مطابق بعض فضائی کمپنیوں نے پہلے سے معطل کی گئی پروازوں کی بحالی مؤخر کر دی ہے، جبکہ کئی ایئرلائنز نے مخصوص روٹس پر اپنی پروازیں مکمل طور پر منسوخ کر دی ہیں۔
محکمہ خارجہ نے امریکی شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سفر سے پہلے اپنی ایئرلائن سے پرواز کی صورتحال ضرور معلوم کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ہنگامی حالات کے لیے متبادل سفری منصوبہ تیار رکھیں۔
یہ سفری انتباہ ایسے وقت میں جاری کیا گیا ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی فوجی کشیدگی، فضائی حملوں اور سکیورٹی خدشات کے باعث عالمی سطح پر تشویش پائی جا رہی ہے، جس کے اثرات بین الاقوامی فضائی آمدورفت پر بھی پڑ رہے ہیں۔