کراچی میں آن لائن فوڈ رائیڈر سے بدسلوکی کرنے والا شخص ویڈیو وائرل ہونے کے بعد زیر حراست

پولیس کے مطابق ملزم کو کراچی کے علاقے ڈیفنس بدرکمرشل سے گرفتار کیا گیا ہے


منور خان July 23, 2026

کراچی کے علاقے ڈیفنس میں آن لائن فوڈ ڈلیوری رائیڈر کے ساتھ سرعام بدسلوکی کرنے والے شہری کو پولیس نے حراست میں لے کر گاڑی سمیت تھانے منتقل کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق  درخشاں پولیس نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں فوڈ ڈلیوری رائیڈر کی موٹر سائیکل کو ہاکی سے نقصان پہنچانے اور بدسلوکی کرنے والے شخص کو ڈیفنس بدر کمرشل سے حراست میں لیا۔

پولیس نے گاڑی کو قبضے میں لے کر ملزم سمیت تھانے منتقل کیا۔ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ساؤتھ مہزور علی نے بتایا کہ زیر حراست شخص کی شناخت عبدالحسیب کے نام سے کی گئی جس نے چند روز قبل فوڈ ڈلیوری رائیڈر سے بدسلوکی اور موٹر سائیکل کو ہاکی سے نقصان پہنچایا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ  رائیڈر سے بدسلوکی کرنے والے شخص کی گرفتاری بدر کمرشل سے عمل میں لائی گئی جبکہ درخشاں پولیس متاثرہ فوڈ ڈلیوری رائیڈر سے بھی رابطے کی کوششیں کر رہی ہے۔

ایس ایچ او درخشاں راشد علی نے بتایا کہ زیر حراست شخص کی بدر کمرشل میں ٹریول ایجنسی ہے جبکہ ابتدائی معلومات کے مطابق عبدالحسیب بلڈپریشر کا مریض ہے۔

انہوں نے بتایا کہ واقعے کے وقت کار سوار اور فوڈ ڈلیوری رائیڈر کے درمیان تکرار ہوئی جس پر کار سوار مشتعل ہوا اور اس نے گاڑی سے ہاکی نکال کر موٹر سائیکل کو نقصان پہنچایا تاہم پولیس اس حوالے سے مزید تفتیش کر رہی ہے۔