کراچی ڈالمیا میں فائرنگ سے اے این پی کا کارکن قتل، ویڈیو بھی سامنے آگئی

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مقتول اور ملزم بات چیت کر رہے ہیں اس دوران ملزم اسلحہ نکال کر فائرنگ کر دیتا ہے


اسٹاف رپورٹر July 24, 2026

کراچی:

ڈالمیا مجاہد کالونی میں فائرنگ سے اے این پی کا کارکن عاصم خان جاں بحق ہوگیا، پولیس نے واقعے کو ذاتی رنجش کا شاخسانہ قرار دے دیا، مقتول کے بھائی کو بھی چند سال قبل قتل کیا گیا تھا، واقعے کی فوٹیج سامنے آگئی۔

تفصیلات کے مطابق ڈالمیا مجاہد کالونی گلی نمبر 12 میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر جائے وقوع کو سیل کر کے کرائم سین یونٹ کو طلب کر کے شواہد حاصل کیے اور لاش جناح اسپتال پہنچائی۔

ایس ایچ او عزیز بھٹی انصر بٹ نے بتایا کہ مقتول کی شناخت 30 سالہ عاصم خان ولد عمر خان کے نام سے کی جبکہ ابتدائی تفتیش کے دوران فائرنگ کا واقعہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ سامنے آیا ہے جس میں ملزم نے مقتول کو بات چیت کے دوران فائرنگ کا نشانہ بنایا اور موقع سے فرار ہوگیا۔

انھوں نے بتایا کہ مقتول اے این پی کارکن ہے جبکہ ابتدائی معلومات میں پولیس کو پتہ چلا ہے کہ مقتول عاصم خان کے بھائی کو بھی چند سال قبل قتل کیا گیا تھا، پولیس کو فائرنگ میں ملوث ملزم کے حوالے سے اہم معلومات ملی ہیں جس کی روشنی میں پولیس چھاپے مار رہی ہے اور جلد ملزم کو گرفتار کرلیا جائے گا۔

قتل کی ویڈیو منظرعام پر

قتل کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آگئی جس میں دیکھا گیا کہ مقتول اور ملزم آپس میں بات چیت کر رہے ہیں اس دوران ملزم موٹر سائیکل پر بیٹھ کر اسلحہ نکال کر عاصم پر فائرنگ کر دیتا ہے جس کے باعث وہ زمین پر گر جاتا ہے۔

اس دوران موقع پر موجود افراد میں بھگدڑ مچ گئی اور وہ بھاگتے ہوئے بھی دکھائی دیئے، موٹر سائیکل پر کم عمر لڑکا بھی دکھائی دیتا ہے۔

فائرنگ کے بعد قاتل نے مقتول کی تلاشی لی اور کچھ نکالا، اس دوران کم عمر لڑکا موٹر سائیکل کچھ فاصلے پر لے جاتا ہے جسے ملزم پیچھے بیٹھا کر خود موٹر سائیکل چلا کر مین روڈ سے فرار ہوجاتا ہے۔