سونی نے نیا ایف ایکس 5 کیمرا متعارف کرا دیا

سونی نے ابھی ایف ایکس 5 کی قیمت اور مختلف مارکیٹس میں دستیابی کی تفصیلات کا اعلان نہیں کیا


ویب ڈیسک July 25, 2026

جاپانی ٹیکنالوجی کمپنی سونی نے اپنی کمپیکٹ سنیما کیمرا سیریز میں نیا سونی ایف ایکس 5 متعارف کرا دیا ہے، جسے جدید فیچرز اور بہتر ویڈیو صلاحیتوں کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔

نیا ایف ایکس 5کیمرا 16.6 میگا پکسل فل فریم اسٹیکڈ ایکسمور آر ایس سی ایم او ایس سینسر اور بی آئی او این زی ایکس آر 2 پروسیسر سے لیس ہے، جس میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی پروسیسنگ بھی شامل کی گئی ہے۔

کیمرا فی الحال  5 کے ریزولوشن میں 60 فریم فی سیکنڈ اور 4 کے میں 120 فریم فی سیکنڈ تک ویڈیو ریکارڈ کر سکتا ہے جبکہ آئندہ فرم ویئر اپ ڈیٹ کے بعد 5 کے میں 120 فریم پر سیکنڈ اور 4 کے میں 240 فریم پر سیکنڈ ریکارڈنگ کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔

ایف ایکس 5 کی نمایاں خصوصیت اوپن گیٹ ریکارڈنگ ہے جس کے ذریعے صارفین سینسر کی پوری چوڑائی اور اونچائی استعمال کرتے ہوئے 3:2 فارمیٹ میں ویڈیو ریکارڈ کر سکتے ہیں۔ یہ فیچر خاص طور پر سوشل میڈیا کے لیے عمودی ویڈیوز تیار کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

سونی نے پہلی بار اپنی ایف ایکس سیریز میں 16-بِٹ لینیئر را ویڈیو کی اندرونی ریکارڈنگ کی سہولت بھی فراہم کی ہے، جس کے لیے کسی بیرونی ریکارڈر کی ضرورت نہیں ہوگی۔ کیمرا کمپنی کے پیشہ ورانہ ایکس-او سی این فارمیٹ کو بھی سپورٹ کرتا ہے، جس سے اعلیٰ معیار کی ویڈیو زیادہ مؤثر انداز میں محفوظ کی جا سکتی ہے۔

ایف ایکس 5سونی کی ایف ایکس سیریز کا پہلا کیمرا ہے جس میں ڈوئل گین شوٹنگ ٹیکنالوجی شامل کی گئی ہے جو کم اور زیادہ گین کو یکجا کرکے بہتر ڈائنامک رینج اور کم  نوائز فراہم کرتی ہے۔

کم روشنی میں بہتر کارکردگی کے لیے کیمرے میں آئی ایس او 800، آئی ایس او 4000 اور آئی ایس او 12800 کے تین بنیادی آئی ایس او لیولز دیے گئے ہیں جبکہ کمپنی کے مطابق یہ کیمرا 15 سے زائد اسٹاپس ڈائنامک رینج فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

سونی نے ابھی ایف ایکس 5 کی قیمت اور مختلف مارکیٹس میں دستیابی کی تفصیلات کا اعلان نہیں کیا۔