کراچی میں سیاسی جماعت کے کارکن کے قتل میں ملوث چند گھنٹوں میں مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق شارع فیصل پولیس نے مبینہ مقابلے کے دوران چند گھنٹے قبل اے این پی کے کارکن کے قتل میں ملوث ملزم کو مبینہ مقابلے میں ہلاک کر دیا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے جمعے کی دوپہر ڈالمیا میں عاصم نامی شخص کو فائرنگ کر کے قتل کیا تھا جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آئی تھی۔
ایس ایچ او شارع فیصل امتیاز حسین نے بتایا کہ پولیس کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ عزیز بھٹی تھانے کی حدود ڈالمیا میں فائرنگ سے قتل کیے جانے والے 30 سالہ عاصم کے قتل میں ملوث ملزم ساتھی سمیت گلستان جوہر رابعہ سٹی کے قریب موجود ہے جس پر پولیس نے مذکورہ مقام پر چھاپہ مارا تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ اور موقع سے فرار کی کوشش کی۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس کی جوابی فائرنگ میں ایک ملزم مارا گیا جس کی شناخت ’’ایاز کےکے‘‘ کے نام سے کی گئی جو کہ مقتول عاصم کے قتل میں ملوث تھا۔
پولیس نے ہلاک ملزم کے قبضے سے اسلحہ ، گولیاں ، موبائل فون ، موٹر سائیکل اور دیگر سامان برآمد کرلیا جبکہ مقابلے میں اس کا ساتھی موقع سے فرار ہوگیا جس کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزم نے قتل سے قبل شارع فیصل کے علاقے سے موٹر سائیکل بھی چھینی تھی جو کہ پولیس نے ملزم کے قبضے سے برآمد کرلی جبکہ مارے جانے والا ملزم ایاز عرف کے کے عادی جرائم پیشہ ہے جس کا کرمنل ریکارڈ بھی سامنے آیا ہے۔
ہلاک ملزم کیخلاف مختلف تھانوں میں اقدام قتل، ڈکیتی اور غیر قانونی اسلحہ برآمدگی کے متعدد مقدمات درج تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر شبہ ہے کہ ہلاک ملزم سے برآمد اسلحہ ڈالمیا میں عاصم کے قتل میں استعمال ہوا ہے تاہم اسلحہ فارنزک کے لیے لیبارٹری بھیجا جائیگا جس کی رپورٹ آنے کے بعد ہی حتمی طور پر تعین کیا جا سکے گا ، شارع فیصل پولیس نے مقابلے کے بعد جائے وقوعہ پر کرائم سین یونٹ کو طلب کر کے دستیاب شواہد حاصل کیے ہیں۔
ایس ایچ او عزیز بھٹی انسپکٹر انصر بٹ نے بھی رابطہ کرنے پر مقابلے میں مارے جانے والے ملزم ایاز عرف کے کے کو ڈالمیا میں عاصم کے قتل میں ملوث بتایا قرار دیا ہے اور اس حوالے سے عزیز بھٹی پولیس بھی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔