سعودی اتحادی افواج کا یمن کے الحدیدہ گورنریٹ میں حوثی فوجی ٹھکانوں پر حملہ

سعودی اتحاد کے مطابق الحدیدہ بندرگاہ کو نشانہ نہیں بنایا، تمام بندرگاہیں جہاز رانی کے لیے معمول کے مطابق کھلی ہیں


ویب ڈیسک July 24, 2026

سعودی اتحادی افواج نے یمن کے الحدیدہ گورنریٹ میں فضائی حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کارروائی کے دوران حوثیوں سے منسلک فوجی ٹھکانوں اور اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔

سعودی اتحادی افواج کے مطابق الحدیدہ بندرگاہ کو نشانہ نہیں بنایا گیا اور تمام بندرگاہیں جہاز رانی کے لیے معمول کے مطابق کھلی ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ تباہ کیے گئے اہداف کا تعلق بحیرہ احمر میں تجارتی جہاز رانی کو درپیش خطرات سے تھا، جبکہ خبردار کیا گیا کہ اگر حوثیوں کی جارحانہ کارروائیاں جاری رہیں تو ان کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

اس سے قبل حوثیوں سے وابستہ ٹی وی چینل المسیرہ نے دعویٰ کیا تھا کہ سعودی جنگی طیاروں نے الحدیدہ اور یمن کے جزیرہ کمران پر فضائی حملے کیے، جبکہ یمن کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے دعویٰ کیا تھا کہ الحدیدہ میں ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن کی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل حوثی جماعت انصاراللہ نے دو سعودی آئل ٹینکروں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔ انصاراللہ کے مطابق مذکورہ ٹینکروں نے ان کی جانب سے عائد بحری ناکہ بندی کی خلاف ورزی کی تھی۔

چھ روز قبل انصاراللہ نے سعودی عرب کے خلاف بحری ناکہ بندی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ اقدام یمن پر عائد محاصرے اور صنعاء ایئرپورٹ کی بندش کے جواب میں کیا گیا ہے۔