کراچی: موچکو پولیس کی بڑی کارروائی، 66 کلو اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد، 2 ملزمان گرفتار

دونوں ملزمان بلوچستان سے ایک لینڈ کروزر میں چرس کی بھاری کھیپ چھپا کر کراچی لا رہے تھے


ویب ڈیسک July 24, 2026

کراچی کے علاقے موچکو میں پولیس اور وفاقی حساس ادارے نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بین الصوبائی منشیات اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی اور دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت محمد فیصل اور عبدالولی کے ناموں سے ہوئی ہے۔ دونوں ملزمان بلوچستان سے ایک لینڈ کروزر میں چرس کی بھاری کھیپ چھپا کر کراچی لا رہے تھے۔

مشترکہ کارروائی کے دوران گاڑی کی تلاشی لینے پر اس میں خفیہ طور پر چھپائی گئی 66 کلوگرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کر لی گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان برآمد ہونے والی منشیات کراچی کے مختلف علاقوں میں سپلائی کرنا چاہتے تھے، تاہم بروقت کارروائی سے اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔

پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔