پاکستان میں پہلی بار زمینی شوراب میں لیتھیم کی موجودگی کی تصدیق

پاکستان میں اس نوعیت کی یہ پہلی دریافت ہے، او جی ڈی سی ایل حکام


ویب ڈیسک July 25, 2026

 آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی) نے ایک اہم سائنسی پیش رفت کرتے ہوئے ملک میں پہلی بار زمینی شوراب (فارمیشن واٹر/برائن) میں لیتھیم کی موجودگی کی تصدیق کر دی ہے، جس کی مقدار عالمی سطح پر پائے جانے والے معروف لیتھیم بردار جیوتھرمل شورابوں کے مساوی بتائی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ اہم دریافت او جی ڈی سی کے پائلٹ جیوتھرمل پروگرام کے تحت ایک بلند درجہ حرارت کے کنویں سے حاصل ہونے والے فارمیشن واٹر کے جدید جیو کیمیائی تجزیے کے دوران سامنے آئی۔

او جی ڈی سی کے اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اس نوعیت کی یہ پہلی دریافت ہے، جس کے بعد ملک ان ممالک میں شامل ہو گیا ہے جو جیوتھرمل شوراب کو لیتھیم کے ممکنہ ذریعہ کے طور پر استعمال کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ لیتھیم ایک نہایت اہم معدنیات ہے جو دنیا بھر میں صاف توانائی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ یہ برقی گاڑیوں کی بیٹریوں، توانائی ذخیرہ کرنے کے بڑے نظام اور جدید ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں میں بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔