گزشتہ رات کراچی میں کتنی بارش ہوئی؟ اعداد و شمار جاری

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی ابرآلود، موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے


ویب ڈیسک July 25, 2026

کراچی میں گزشتہ رات ہونے والی بارش کے دوران شہر میں سب سے زیادہ 5.5 ملی میٹر بارش سرجانی میں ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گلشنِ حدید میں 5 ملی میٹر، کیماڑی میں 4 ملی میٹر، ناظم آباد میں 3.2 ملی میٹر اور پی اے ایف مسرور بیس میں 3 ملی میٹر بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گلشنِ معمار میں 2.6 ملی میٹر، نارتھ کراچی میں ایک ملی میٹر، بحریہ ٹاؤن میں 0.5 ملی میٹر جبکہ پی اے ایف فیصل بیس میں 0.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی ابرآلود، موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر کا کم سے  کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 78فیصد ہے اور  سمندری ہوائیں 7کلو میٹر فی گھنٹہ رفتار سےچل رہی ہیں۔

اس کے علاوہ  شہر میں چند مقامات پر بونداباندی کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے، شہر کے مضافاتی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش، جبکہ دیگر علاقوں میں ہلکی بارش یا بوندا باندی بھی متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار اور پیر کو بھی کراچی کے مختلف علاقوں میں پھوار اور بوندا باندی کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی راجستھان اور ملحقہ علاقوں پر ہوا کا کم دباؤ موجود ہے، جس کے باعث بحیرہ عرب سے مون سون کی طاقتور ہوائیں مسلسل ملک کے جنوبی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے 27 جولائی تک دیہی سندھ کے مختلف اضلاع میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔