امال ملک کے تنشق باگچی پر سنگین الزامات، پاکستانی گانوں کی نقل کا دعویٰ

امال ملک نے تنشق پر یہ الزام لگایا ہے کہ ان کے کئی گانے پاکستانی گانوں یا دیگر موسیقاروں کے کام کی نقل ہیں۔


ویب ڈیسک July 25, 2026

بالی ووڈ کے معروف موسیقار امال ملک نے ساتھی موسیقار تنشق باگچی پر شدید تنقید کرتے ہوئے ان پر گانے چرانے، دوسروں کے کام کا کریڈٹ لینے اور کئی متعدد سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔

امال ملک نے سوشل میڈیا پر اپنی ایک طویل پوسٹ میں تنشق باگچی کا نام لیے بغیر اشاروں کنایوں میں انہیں تنقید کا نشانہ بنایا۔ 

موسیقار امال ملک نے تنشق کو ’مسٹر ریمکس اور ڈسٹرایر آف اورجنلز‘ قرار دیتے ہوئے الزام لگایا کہ تنشک باگچی نے فلم ’سیارا‘ میں شامل گانے کا کریڈٹ اصل تخلیق کاروں فہیم عبداللہ اور ارسلان نظامی سے چھین لیا اور ہدایتکار موہت سوری کو قائل کر کے خود فلم کا حصہ بن گئے۔

امال ملک نے دعویٰ کیا کہ اگر اصل گانا ’سیاں میرے‘ جاری کر دیا جائے تو دنیا کو معلوم ہو جائے گا کہ اس کی اصل تخلیق کس نے کی تھی۔

ملک نے مزید الزام لگایا کہ ’’باگچی کے کئی گانے پاکستانی گانوں یا دیگر موسیقاروں کے کام کی نقل ہیں۔ سیارا گانا میری کمپوزیشن ’ہم نوا میرے‘ سے نقل کیا گیا اور گلوکار جوبن نوٹیال نے ایک ہی فلم کا حصہ ہونے کی وجہ سے اس معاملے پر خاموشی اختیار کی۔‘‘

انہوں نے بتایا کہ اگر وہ تنشق باگچی کے خواتین گلوکاراؤں کے ساتھ مبینہ رویے پر بات کریں تو ان کے خلاف ’می ٹو‘ جیسے کئی مقدمات سامنے آسکتے ہیں۔

امال ملک نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ انہوں نے ماضی میں تنشق باگچی کو بعض ری مکس گانے نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا، تاہم انہوں نے مالی فائدے کی خاطر اس پر عمل نہیں کیا۔

واضح رہے کہ امال ملک کے یہ تمام دعوے ان کی ذاتی سوشل میڈیا پوسٹ پر مبنی ہیں۔ تنشق باگچی نے تاحال ان الزامات پر کوئی عوامی ردِعمل یا وضاحت جاری نہیں کی ہے، اس لیے ان دعوؤں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔