اسرائیلی جارحیت میں مسلسل اضافہ، مغربی کنارے میں 48 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا

نیتن یاہو اور وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے مغربی کنارے کے فلسطینی دیہاتوں میں وسیع پیمانے پر فوجی آپریشن کا حکم دیا تھا


ویب ڈیسک July 25, 2026

اسرائیلی فورسز نے شمالی مقبوضہ مغربی کنارے میں چھاپوں کے دوران کم از کم 48 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔

فلسطین کے سرکاری ریڈیو نے بتایا کہ اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ علاقے کے شمالی حصے میں نابلس کے مغرب میں واقع طیل قصبے پر جاری چھاپے کے دوران 40 سے زائد فلسطینی نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔

نشریاتی ادارے نے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے قصبے میں ایک مکان پر قبضہ کر لیا اور اسے فیلڈ تفتیشی مرکز میں تبدیل کر دیا۔

مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے قصبے کو چاروں طرف سے گھیرے میں لے کر پورے قصبے میں گھروں پر بڑے پیمانے پر چھاپے مارے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو اور وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے مغربی کنارے کے فلسطینی دیہاتوں میں وسیع پیمانے پر فوجی آپریشن کا حکم دیا تھا