وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ حکومت باغبانی کے شعبے میں ویلیو ایڈیشن، سپلائی چین کی بہتری اور برآمدات کے فروغ کے لیے موٴثر اقدامات کر رہی ہے۔
وزارتِ تجارت میں پاکستان ہارٹیکلچر ڈویلپمنٹ اینڈ ایکسپورٹ کمپنی، پی ایچ ڈی ای سی، کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جام کمال خان نے فروٹ بیگنگ منصوبے کو کھجور، انگور، آڑو اور امرود تک توسیع دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے فروٹ بیگنگ میٹریل کی مقامی تیاری کے لیے نجی شعبے اور کاغذی صنعت کے ساتھ تعاون بڑھانے پر بھی زور دیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ فروٹ بیگنگ منصوبے سے پاکستانی پھلوں کے معیار اور عالمی منڈی میں مسابقت میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ وفاقی وزیر نے بلوچستان اور شمالی پاکستان میں فریز ڈرائنگ منصوبوں کو وسعت دینے، جبکہ مرچ کے کاشتکاروں کے لیے سولر ٹنل ڈرائرز کے استعمال کو فروغ دینے کی ہدایت بھی کی۔
جام کمال خان نے کہا کہ فریز ڈرائنگ اور اسپرے ڈرائنگ ٹیکنالوجیز سے زرعی مصنوعات کی ویلیو ایڈیشن اور برآمدات میں اضافہ ہوگا، جبکہ انہوں نے پی ایچ ڈی ای سی کو صوبائی ہارٹیکلچر ایکسپوز اور فوڈ ایگ نمائشوں میں بھرپور شرکت اور ایگزم بینک کو چھوٹے زرعی پروسیسنگ یونٹس کی مالی معاونت میں فعال کردار ادا کرنے کی بھی ہدایت کی۔