لاہور:
پولیس نے آن لائن ایپس کے ذریعے شہریوں کو ہنی ٹریپ کرنے والے گینگ کے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
غازی آباد پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو حراست میں لیا۔ ملزمان نے 21 جولائی کی رات ایک شہری کو ہنی ٹریپ کے ذریعے نشانہ بنا کر اس سے موبائل فون اور نقدی چھین لی تھی۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر گینگ کی گرفتاری کا حکم دیا تھا۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق گرفتار ملزمان میں سونیا بی بی، عظیم اور آصف شامل ہیں۔ ملزمہ سونیا بی بی نے "جینیفر لوپاز" کے نام سے جعلی اکاؤنٹ بنا رکھا تھا اور ایپ کے ذریعے لوگوں سے رابطہ کر کے انہیں دوستی کے جال میں پھنساتی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ شہریوں کو ملاقات کے بہانے گھر بلاتی جہاں دیگر ساتھی ملزمان موجود ہوتے، جو شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنا کر ہراساں کرتے اور ان سے موبائل فون اور نقدی چھین لیتے تھے۔
حکام کے مطابق یہ گینگ اب تک 20 سے زائد افراد کو اسی طریقے سے لوٹ چکا تھا۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے، گینگ کے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔