عمران خان تیل کی بڑھتی قیمتیں نیچے کرکے ملک کو دیوالیہ ہونے پر لے گئے تھے، احسن اقبال

جنگ کا اثر 193 ممالک پر پڑ رہا ہے، خود امریکا میں مہنگائی کی لہر ہے، وفاقی وزیر


ویب ڈیسک July 25, 2026
فوٹو: اے پی پی

لاہور:

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان تیل کی بڑھتی قیمتیں نیچے کرکے ملک کو دیوالیہ ہونے پر لے گئے تھے۔

ایکسپو سینٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ دنیا میں ٹرانسپورٹیشن میں پیٹرول سے جان چھڑوائی جارہی ہے۔ ای ویز کا انقلاب برپا ہوچکا ہے۔ پاکستان میں فیول کی 80 فیصد ٹرانسپورٹ پر خرچ ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا ایران جنگ نے ہماری تیل کی کمزوری کو واضح کردیا ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ تیزی کے ساتھ ای ویز کی طرف آئیں۔ ای ویز میں تبدیل کرنے کے لیے 80 ہزار روپے دیے جاتے ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے ٹرانسپورٹ سیکٹر کو اپنی پیدا کی ہوئی بجلی پر چلایا جائے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مستقبل ہماری برآمدات پر انحصار کرتا ہے۔ ہم نے بدقسمتی سے ڈالر کھاؤ پتر زیادہ ہیں اور بناؤ پتر کم ہیں۔ 90 لاکھ اوور سیز پاکستانی 40 ارب ڈالر کماتے ہیں ۔ ڈالر کھپانے والی معیشت کے بجائے کمانے والی معیشت بننا ہے، ورنہ آئی ایم ایف کے چنگل سے نہیں نکل سکیں گے۔ہمیں برآمدات کے ذریعے ڈالر کمانے کی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کی معیشت ناقابل تسخیر تب ہوگی جب ہمارا ایکسپورٹر زیادہ سے زیادہ کام کرے گا۔ پاکستان کی ترقی کا انحصار برآمدات پر ہے ۔ پاکستان ای وی سیکٹر میں دنیا میں بڑا مقام پیدا کرسکتا ہے۔ ایکسپوٹرز مختلف ممالک میں ایکسپورٹ کررہے ہیں لیکن ہمیں اس میں مزید 10 فیصد اضافہ کرنا ہے۔ حکومت نے ایف بی آر میں بہت کام کیا ہے، تاکہ انسانی جھنجٹ ختم ہوجائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا شمار دنیا میں کم ترین ٹیکس اکھٹا کرنے پر ہوتا ہے۔ جن ممالک نے ترقی کی ہے وہاں 14 سے 16 فیصد ٹیکس لیا جاتا ہے۔ اگر ٹیکس چوری جاری رہے گی تو ہم عوام کے کام کیسے کریں گے۔ جو لوگ ٹیکس ادا کرتے ہیں وہ بدقسمتی سے ان لوگوں کا بھی ٹیکس ادا کرتے ہیں جو ٹیکس چوری کرتے ہیں۔ اگر بدستور ٹیکس چوری کرتے رہیں گے تو ٹیکس کا بوجھ ان لوگوں پر آئے گا جو ٹیکس ادا کرتے ہیں۔

وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ 12 سال کے بعد پاکستان کو دوبارہ اپ گریڈ کیا گیا ہے۔ تحریک انصاف کے 4 سالوں میں پاکستان کو دیوالیہ کردیا گیا تھا۔ پاکستان میں تحریک عدم اعتماد میں کامیاب ہوئی اور پاکستان ڈیفالٹ سے بچا ۔ شہباز شریف کے بہترین فیصلوں کی وجہ سے دنیا میں ٹرن اراؤنڈ ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے تو ہم بھی مجبور ہوتے ہیں۔ اس وقت تیل کی قیمتیں گوگل پر جاکر دیکھ سکتے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی نے تیل کی قیمتیں اوپر جارہی تھی نیچے کر کے ملک دیوالیہ ہونے پر لے گئے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران اور امریکا کی جنگ صرف پاکستان نہیں بھگت رہا، خود امریکا میں مہنگائی کی لہر آگئی ہے۔ جیسے ہی بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمتیں نیچے آئیں گی تو ہم بھی قیمت کم کردیں گے۔ جنگ کے اثرات 193 ممالک پر پڑ رہے ہیں، کچھ لوگ چاہتے ہیں معاہدہ نہ ہو۔ پاکستان اور برادر ملکوں نے معاہدہ کروایا، امید ہے جلد حوصلہ افزا بریک تھرو ہوگا۔ہم امید رکھتے ہیں کہ امریکا اور ایران کی قیادت معاہدے پر واپس آئے گی۔