فیکٹ چیک: لامین یمال کی ٹرمپ سے ہاتھ نہ ملانے کی ویڈیو درست نہیں

مختلف زاویوں سے لی گئی تصاویر میں لامین کو ٹرمپ سے ہاتھ ملاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے


ویب ڈیسک July 25, 2026

فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے فائنل کے بعد سوشل میڈیا پر یہ دعویٰ گردش کرنے لگا کہ اسپین کے نوجوان اسٹار لامین یمال نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ہاتھ ملانے سے انکار کر دیا. یہ دعویٰ غلط ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دعویٰ کیا گیا کہ یمال نے ٹرمپ سے ہاتھ نہیں ملایا اور بعض صارفین نے اس کی وجہ فلسطین سے متعلق امریکی پالیسی کو قرار دیا۔

تاہم اے ایف پی فیکٹ چیک کے مطابق یہ دعویٰ درست نہیں۔ وائرل ویڈیو ایسے زاویے سے ریکارڈ کی گئی تھی جس میں مصافحہ واضح طور پر نظر نہیں آرہا تھا۔

اے ایف پی کی جانب سے مختلف زاویوں سے لی گئی تصاویر اور ویڈیوز سے واضح ہوتا ہے کہ جب لامین یمال ورلڈ کپ کی فاتحانہ میڈل وصول کرنے کے لیے اسٹیج پر پہنچے تو انہوں نے فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی مصافحہ کیا، جس کے بعد ٹرمپ نے ان کے گلے میں میڈل ڈالا۔

مزید برآں، وائٹ ہاؤس اور فاکس اسپورٹس کے تصدیق شدہ یوٹیوب چینلز پر موجود ویڈیوز میں بھی دونوں کو ہاتھ ملاتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔

ہاتھ ملاتے ہوئے اصل ویڈیو دیکھیے:

واضح رہے کہ لامین یمال ماضی میں فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کر چکے ہیں مگر ورلڈ کپ فائنل کے بعد ٹرمپ سے مصافحہ نہ کرنے کا دعویٰ بے بنیاد اور محض جھوٹ ہے۔