واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر صدارتی سیاست سے متعلق بڑا بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ چوتھی بار بھی امریکا کے صدارتی انتخاب میں حصہ لیں۔
واشنگٹن میں صحافیوں کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ شاید ان کا یہ بیان بہت سے لوگوں کے لیے حیران کن ہو، لیکن وہ یہ بتانا چاہتے ہیں کہ وہ چوتھی بار بھی صدارتی انتخاب لڑنے کی خواہش رکھتے ہیں۔
صدر ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب وہ اپنی دوسری مدتِ صدارت کا تقریباً نصف حصہ مکمل کر چکے ہیں۔
امریکی آئین کی 22ویں ترمیم کے سیکشن ون کے مطابق کوئی بھی شخص دو مرتبہ سے زیادہ امریکا کا صدر منتخب نہیں ہو سکتا۔ اسی آئینی پابندی کے باعث ٹرمپ کی جانب سے تیسری یا چوتھی بار انتخاب لڑنے کی خواہش کو قانونی اور سیاسی حلقوں میں بحث کا موضوع قرار دیا جا رہا ہے۔
سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کا بیان آئینی طور پر موجودہ قوانین سے مطابقت نہیں رکھتا، تاہم اسے ان کی سیاسی حکمت عملی، عوامی حمایت برقرار رکھنے کی کوشش یا اپنے حامیوں کو متحرک کرنے کے تناظر میں بھی دیکھا جا رہا ہے۔
خبر شائع ہونے تک وائٹ ہاؤس کی جانب سے اس حوالے سے کوئی وضاحتی بیان جاری نہیں کیا گیا، جبکہ امریکی سیاسی حلقوں میں اس بیان پر مختلف ردعمل سامنے آ رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق اگر امریکا میں کسی صدر کو دو سے زیادہ مرتبہ منتخب ہونے کی اجازت دینی ہو تو اس کے لیے آئین میں ترمیم درکار ہوگی، جو ایک طویل اور پیچیدہ آئینی عمل ہے۔