کراچی؛ منور چورنگی انڈر پاس عوام کے لیے کھول دیا گیا

کے ڈی اے نے منصوبہ 16 ماہ میں مکمل کیا جس پر 2 ارب روپے کی لاگت آئی


ویب ڈیسک July 26, 2026

کراچی:

گلستان جوہر کے علاقے میں منور چورنگی پر بنایا گیا نیا انڈر پاس عوام کے لیے کھول دیا گیا۔

صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ اور مئیر کراچی مرتضیٰ وہاب نے افتتاح کیا۔

منور چورنگی انڈر پاس کی لمبائی 500 میٹر ہے جبکہ انڈر پاس کے دو طرفہ ٹریفک کی چوڑائی 24 فٹ ہے۔

کے ڈی اے نے منصوبہ 16 ماہ میں مکمل کیا جس پر 2 ارب روپے کی لاگت آئی۔

اس موقع پر، وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ آج منور چورنگی انڈر پاس کو عوام کے لیے کھول رہے ہیں، باقاعدہ افتتاح چیئرمین بلاول بھٹو اور وزیر اعلیٰ سندھ کریں گے، تمام شاہراہوں کے لیے فنڈز رکھے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام ٹاؤن چیئرمینز اپنا کام کر رہے ہیں البتہ کچھ جگہوں پر شکایات ہیں کہ کام نہیں ہوا جس کی تحقیقات جاری ہیں، ہم ہی کراچی کو بنائیں گے۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ہمارے دوست نئے صوبے کا شوشہ چھوڑتے رہتے ہیں لیکن سندھ کبھی تقسیم نہیں ہو سکتا، کہا جاتا ہے کہ کراچی برباد ہوگیا، بے شمار انڈر پاسز اور پل ہم نے بنائے ہیں، کراچی کے میدانوں میں شادی ہالز بنے تھے جسے ہمارے میئر نے ختم کیا۔

وزیر بلدیات کا کہنا تھا کہ کہا جاتا ہے کراچی بدترین شہروں میں شمار ہوتا ہے، اگر ایسا ہوتا تو لوگ یہاں رہنے کے لیے نہیں آتے۔