پنجاب کے دریاؤں میں طغیانی کی صورتحال، کئی مقام پر اونچے اور درمیانے درجے کا سیلابی ریلا

پی ڈی ایم اے پنجاب نے دریاؤں کے نزدیک شہریوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کا انتباہ جاری کردیا


ویب ڈیسک July 26, 2026

لاہور:

مون سون بارشوں کے باعث پنجاب کے دریاؤں میں طغیانی کی صورتحال پیدا ہوگئی، پی ڈی ایم اے نے دریاؤں کے پاٹ میں موجود شہریوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کا انتباہ جاری کردیا۔

پی ڈی ایم اے پنجاب ںے پنجاب کے دریاؤں کی صورتحال جاری کردی جس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دریاؤں کا بہاؤ مستحکم رہا، دریائے سندھ میں کالا باغ  چشمہ اور تونسہ کے مقام پر نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال ہے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق کالا باغ میں 3 لاکھ 34 ہزار اور چشمہ میں پانی کی آمد 3 لاکھ 70 ہزار  کیوسک ہے، تونسہ بیراج میں پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 13 ہزار کیو سک ہے، دریائے چناب میں سیلابی صورتحال میں کمی آرہی ہے اور سیلابی صورتحال نچلے درجے پر آگئی ہے، چناب میں مرالہ خانکی قادرآباد اور تریموں کے مقام پر نچلے دجے کا سیلاب ہے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق مرالہ کے مقام  پر پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 43 ہزار، خانکی کے مقام پر 1 لاکھ 38 ہزار کیوسک، قادر آباد کے مقام پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 35 ہزار کیوسک ہے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق تریموں میں پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 84 ہزار کیوسک ہے،  دریائے ستلج اور جہلم میں پانی کا بہاؤ نارمل ہے، دریائے راوی میں بلوکی اور سرھنائی کے مقام پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے، دریائے راوی میں بلوکی کے مقام پر پانی کا بہاؤ 81 ہزار کیوسک ہے، دریائے راوی میں سدھنائی کے مقام پر پانی کا بہاؤ 60 ہزار کیوسک ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے راوی میں رجسٹرڈ شاہدرہ اور ہیڈ سدھنائی کے مقام پر بہاؤ نارمل ہے، نارروال نالہ بسنتر  میں درمیانے درجے کے سیلاب کی صورتحال ہے، بریج نالہ ایک میں نچلے درجے کا وزیرہ آباد نالہ پھلکو میں اونچے درجے کا سیلاب ہے، نالہ پھلکو میں پانی کا بہاؤ 5 ہزار کیوسک ہے۔

ڈی جی عمر عباس میلہ نے کہا ہے کہ بالائی علاقوں میں بارشوں کے سبب دریاؤں کے بہاؤ میں اضافہ ہوا، دریائے چناب کے اپر کیچمنٹس میں بارشیں رک چکی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں سے دریائے چناب میں طغیانی میں کمی ہو رہی ہے، دریاؤں کے پاٹ میں موجود شہری فوری محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں، حکومت پنجاب کی جانب سے  ممکنہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں انتظامات مکمل  ہیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ فلڈ ریلیف کیمپس میں تمام تر بنیادی سہولیات اور ادویات فراہم کی جائیں گی، شہریوں سے گزارش ہے کہ موسم و سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، دریاؤں، نہروں اور ندی نالوں کے اطراف سیرو تفریح سے گریز کریں، دریاؤں کی کراسنگ کے لیے معیاری بوٹس اور لائف جیکٹس کی فراہمی یقینی بنائی جائے، بچوں کا خاص خیال رکھیں انہیں دریاؤں ندی نالوں میں ہرگز نہانے مت دیں۔