جاپان: اداکار کے چہرے والی لیٹس نے سب کی توجہ حاصل کرلی

لیٹس (سلاد کے پتے) کی پیکنگ پر معروف جاپانی اداکار تاتسویا فوجیوارا کا چہرہ چھاپا گیا ہے


ویب ڈیسک July 27, 2026

جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں سپر مارکیٹ سے سبزیاں خریدتے وقت اب خریداروں کو ایک انوکھا منظر دیکھنے کو مل رہا ہے۔ لیٹس (سلاد کے پتے) کی پیکنگ پر معروف جاپانی اداکار تاتسویا فوجیوارا کا چہرہ چھاپا گیا ہے، جس نے سوشل میڈیا پر بھی دھوم مچا دی ہے۔

یہ منفرد مہم جاپانی فوڈ کمپنی اجینوموٹو نے ایک زرعی تعاون تنظیم کے ساتھ مل کر شروع کی ہے، جس کا مقصد گرمیوں میں لیٹس کے ضیاع کو کم کرنا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق جاپان میں گرمیوں کے دوران (جب لیٹس کی پیداوار سب سے زیادہ ہوتی ہے) 60 فی صد سے زائد لوگ اسے خراب ہونے کی وجہ سے ضائع کر دیتے ہیں۔

مہم کے لیے تاتسویا فوجیوارا نے اپنی تصویر استعمال کرنے کی اجازت دی تاکہ خریداروں کی توجہ اس مسئلے کی جانب مبذول کرائی جا سکے۔

اداکار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر مزاحیہ انداز میں کہا کہ انہیں بتایا گیا کہ لیٹس بحران کا شکار ہے، کیا وہ اپنا چہرہ دے سکتے ہیں۔ انہوں نے ہاں کر دی اور واقعی ان کا چہرہ لیٹس پر لگا دیا گیا۔ اب وہ سبزیوں کے سیکشن میں خریداروں کا انتظار کریں گے۔

اس منفرد مہم کو جاپان میں نہ صرف خوب پذیرائی مل رہی ہے بلکہ اسے خوراک کے ضیاع کے خلاف ایک تخلیقی اور مؤثر اقدام بھی قرار دیا جا رہا ہے۔