آزاد کشمیر الیکشن، پولنگ بیگز برآمد ہونے پر رانا ثناء اللہ نے بڑا مطالبہ کر دیا

نواز شریف کا ہر شیر ووٹ چوروں کی نگرانی کرے گا، مشیر برائے سیاسی امور


ویب ڈیسک July 26, 2026
فوٹو: فائل

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ خان نے آزاد جموں و کشمیر کے حلقہ ایل اے 10 کوٹلی میں مبینہ طور پر پریزائیڈنگ افسران اور ایک پٹواری کے پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری یاسین کے گھر سے پولنگ بیگز سمیت پکڑے جانے کے دعوے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے فوری تحقیقات اور انتخاب روکنے کا مطالبہ کر دیا۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل راٹھور اور چیف الیکشن کمشنر اس معاملے کی فوری تحقیقات کرائیں اور عوام کو بتایا جائے کہ پولنگ بیگز امیدوار کے گھر تک کیسے پہنچے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ انکوائری مکمل ہونے تک حلقہ ایل اے 10 میں انتخاب روک دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے یہ معلوم ہونا چاہیے کہ پولنگ بیگز کہاں کہاں لے جائے گئے اور ان کے ساتھ کیا کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پٹواری قیصر اور ثقلین سے مکمل تفتیش کی جائے تاکہ یہ سامنے آسکے کہ آیا اس نوعیت کی مبینہ کارروائیاں کسی اور مقام پر بھی کی گئیں یا نہیں۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ چوہدری یاسین نہ صرف اس حلقے کے امیدوار ہیں بلکہ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر بھی ہیں اس لیے اس واقعے نے انتخابی عمل کی شفافیت پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ سرکاری گاڑی میں تین پریزائیڈنگ افسران کو چوہدری یاسین کے قریبی ساتھی ثقلین کے ساتھ بھیجا جانا انتہائی تشویشناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر شہر کے علاقے میں اس نوعیت کا واقعہ سامنے آیا ہے تو دور دراز علاقوں میں کیا کچھ ہوا ہوگا اس کی بھی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک حقائق سامنے نہیں آتے مسلم لیگ (ن) اس حلقے کے نتائج قبول نہیں کرے گی۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) شفاف، آزادانہ اور غیر جانبدار انتخابات پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے پارٹی رہنماؤں، کوآرڈینیٹرز اور کارکنوں کو ہدایت کی کہ ہر پولنگ اسٹیشن پر صبح پولنگ بیگز کی جانچ کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا ہر شیر ووٹ چوروں کی نگرانی کرے گا اور دعویٰ کیا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل اور عوام کی حمایت سے مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں کامیابی حاصل کرے گی۔