بھارتی ٹیلی ویژن کی معروف اداکارہ اپارا مہتا نے شوہر اور اداکار درشن جری والا سے طویل عرصے سے جاری علیحدگی کے بارے میں خاموشی توڑ دی۔
اپارا مہتا نے حال ہی میں ڈیجیٹل ٹاک شو اور پوڈکاسٹ ’دی میل فیمینسٹ‘ کو انٹرویو دیا جس میں انہوں نے اپنی ذاتی زندگی اور درشن جری والا سے علیحدگی سمیت مختلف موضوعات پر کھل کر گفتگو کی۔
اپارا مہتا نے اس دوران یہ انکشاف کیا کہ جب انہوں نے امریکہ میں ہوتے ہوئے شوہر درشن جری والا کو شادی کی سالگرہ کی مبارکباد دینے کیلئے فون کیا تو درشن نے جواب دیا کہ انہیں ایک اہم بات کرنی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ امریکا سے اپنے شوز مکمل کرنے کے بعد واپس بھارت پہنچیں تو درشن نے انہیں بتایا کہ وہ اب اس رشتے کو جاری نہیں رکھنا چاہتے۔
اپارا مہتا نے بتایا کہ درشن نے ان سے کہا، ’’ہمیں الگ ہو جانا چاہیے کیونکہ مجھے اب تم سے محبت نہیں رہی، مجھے تم پسند نہیں اور تم میری زندگی میں ملنے والی سب سے بدصورت عورت ہو۔‘‘
اداکارہ کے لیے یہ الفاظ سننا انتہائی تکلیف دہ تھا مگر انہوں نے فوری طور پر اس صورتحال کا اظہار کرنے کے بجائے اپنے کام پر توجہ دی۔
اپارا کے مطابق وہ صبح سویرے امریکا سے واپس پہنچی تھیں اور چند گھنٹوں بعد ہی انہیں شوٹنگ کے لیے جانا تھا۔ اس لیے وہ کئی گھنٹے تک اس گفتگو کو پوری طرح سمجھ ہی نہیں سکیں۔
انہوں نے بتایا کہ شوٹنگ کے دوران تھکن کے باعث وہ وقفوں میں سو جاتی تھیں، لیکن بعد میں جب وہ مکمل طور پر ہوش میں آئیں تو انہیں خیال آیا کہ ’’درشن نے ابھی مجھ سے کیا کہا تھا؟ وہ ایسا نہیں کہہ سکتے۔‘‘
علیحدگی کے بعد درشن جری والا گھر چھوڑ کر الگ رہنے لگے اور دونوں گزشتہ کئی برسوں سے علیحدہ زندگی گزار رہے ہیں۔ تاہم اپارا کے مطابق دونوں کے درمیان اب بھی خوشگوار تعلقات ہیں۔ دونوں کی ایک بیٹی خوشالی جری والا بھی ہے۔
واضح رہے کہ اپارا مہتا اور درشن جری والا کی شادی 1982 میں ہوئی جو 20 سال سے زائد عرصے تک قائم رہی۔ دونوں 2003 میں الگ ہو گئے تھے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ علیحدگی کے باوجود دونوں نے اب تک قانونی طور پر طلاق نہیں لی ہے۔