پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیر اعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے مختلف حلقوں میں انتخابی بے ضابطگیاں تشویشناک ہیں۔
راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ حلقہ چڑھوئی کے گل پور، تھروچی اور مہاجر کیمپ کے پولنگ اسٹیشن 15 سے 25 پر انتخابی عمل متاثر ہونے کی اطلاعات تشویشناک ہیں، الیکشن کمیشن پولنگ اسٹیشن 15 سے 25 کی صورتحال کا فوری نوٹس لے اور شفاف پولنگ یقینی بنائے۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ گل پور، تھروچی اور مہاجر کیمپ کے پولنگ اسٹیشنز پر فوری اضافی سکیورٹی تعینات کی جائے، الیکشن کمیشن تمام شکایات کا فوری اور غیرجانبدارانہ نوٹس لے, ووٹرز کو بلا خوف و خطر حقِ رائے دہی استعمال کرنے کا مکمل موقع دیا جائے۔
پی پی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ حساس پولنگ اسٹیشنز پر فوری اضافی سکیورٹی تعینات کی جائے، انتخابی عمل میں مداخلت اور ہنگامہ آرائی کسی صورت قابل قبول نہیں، الیکشن کمیشن انتخابی عمل کو ہر صورت غیرجانبدار اور پرامن بنائے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد، شفاف اور منصفانہ انتخابات ہی عوامی اعتماد کی ضمانت ہیں۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔