ایف بی آر نے چھوٹے دکانداروں کے لیے خصوصی ٹیکس طریقہ کار کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ایف بی آر کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق سالانہ 20 کروڑ روپے تک کاروبار کرنے والے انفرادی دکاندار اسکیم سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
ایف بی آر کے مطابق خصوصی طریقہ کار صرف ٹیکس سال 2026 کے لیے نافذ ہوگا جبکہ اسکیم کے تحت مجموعی کاروبار پر ایک فیصد ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔
ایف بی آر نوٹی فکیشن کے مطابق ریٹرن کے ساتھ کم از کم 25 ہزار روپے نقد ٹیکس ادا کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ ودہولڈنگ ٹیکس قابلِ ادائیگی ٹیکس سے منہا کیا جا سکے گا اور اضافی رقم واپس نہیں ہوگی۔
ایف بی آر کے مطابق اہل دکاندار آئی آر آئی ایس پورٹل، موبائل ایپ یا ٹیکس دفتر کے ذریعے رجسٹریشن کرا سکیں گے جبکہ اسکیم اختیار کرنے والے دکانداروں کا عمومی طور پر آڈٹ نہیں ہوگا۔
نوٹی فکیشن کے مطابق غیر معمولی لین دین یا غلط استعمال کی صورت میں محکمانہ کارروائی کی جا سکے گی جبکہ اہل دکانداروں کو پی او ایس سسٹم اور ڈیجیٹل انوائسنگ سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ مقررہ تاریخ تک ریٹرن یا اسکیم کا انتخاب نہ کرنے پر 10 ہزار سے 50 ہزار روپے تک جرمانہ ہوگا جبکہ رجسٹرڈ اہل دکانداروں کو ایف بی آر کی جانب سے کیو آر کوڈ پر مشتمل "گرین پلیٹ" جاری کی جائے گی۔