بھارتی اداکارہ و بی جے پی رکن پارلیمنٹ کنگنا رناوت نے دہلی کے جنتر منتر پر ہونے والے طلبہ احتجاج کی وائرل ویڈیوز پر سخت ردعمل دیتے ہوئے مظاہرین کے انداز اور زبان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
کنگنا رناوت نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ڈالی گئی اسٹوری میں احتجاج سے متعلق ویڈیوز پر ردعمل دیتے ہوئے انہیں انتہائی ناگوار قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں ایک جگہ پر اتنی ’بدصورتی‘ کبھی نہیں دیکھی۔
اداکارہ نے لکھا کہ ’’جین زی احتجاج کی ویڈیوز دیکھ کر مجھے شدید ناگواری محسوس ہوئی کیونکہ مظاہرین کا گفتگو کرنے کا انداز اور استعمال کی جانے والی زبان بہت نامناسب تھی۔‘‘
’انہیں کون پیدا اور پال رہا ہے؟‘
کنگنا رناوت نے احتجاج میں شریک نوجوانوں کی تربیت اور پرورش پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ’’مجھے حیرت ہے کہ ایسے نوجوانوں کو کون پیدا اور پرورش کر رہا ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’’بھارت اپنی ثقافتی خوبصورتی، شائستگی اور روایات کے لیے جانا جاتا ہے، تاہم احتجاج کی بعض ویڈیوز میں مظاہرین کا انداز اس کے برعکس دکھائی دیتا ہے۔‘‘
کنگنا نے ’کاکروچ‘ کے نام سے احتجاج کرنے والے گروپ کا حوالہ دیتے ہوئے بھی مظاہرین پر تنقید کی اور انہیں ’گندگی، کچرا اور بدصورتی‘ سے تعبیر کیا۔
انہوں نے کہا کہ ان ویڈیوز نے انہیں ذہنی طور پر متاثر کیا اور اب انہیں ’ڈیجیٹل ڈیٹاکس‘ کی ضرورت محسوس ہو رہی ہے۔