عازمین حج 2027 کے لیے پاسپورٹ تجدید کے عمل میں اہم سہولت فراہم

اس اقدام کا مقصد پاسپورٹ کے حصول میں تاخیر کے باعث کسی بھی شہری کو حج 2027 کے عمل سے محروم ہونے سے بچانا ہے


ویب ڈیسک July 28, 2026

حج 2027 کی تیاریوں کے سلسلے میں عازمین حج کے لیے خوش آئند پیش رفت سامنے آئی ہے۔

وزارت مذہبی امور کی درخواست پر ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے ملک بھر کے علاقائی پاسپورٹ دفاتر کو ہدایات جاری کر دی ہیں کہ حج 2027 کے خواہش مند عازمین کرام کے پاسپورٹ کی تجدید اور اجرا کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے۔

جاری ہدایات کے مطابق ایسے درخواست گزار جن کے پاسپورٹ کی میعاد 16 نومبر 2027 سے قبل ختم ہو رہی ہے، انہیں فوری بنیادوں پر پاسپورٹ کی تجدید کی سہولت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ حج رجسٹریشن اور آئندہ مراحل بروقت مکمل کر سکیں۔ اس اقدام کا مقصد پاسپورٹ کے حصول میں تاخیر کے باعث کسی بھی شہری کو حج 2027 کے عمل سے محروم ہونے سے بچانا ہے۔

وزارت مذہبی امور پہلے ہی واضح کر چکی ہے کہ حج 2027 کی رجسٹریشن لازمی ہے جبکہ حتمی درخواست جمع کرانے کے مرحلے پر کارآمد پاکستانی پاسپورٹ ضروری ہوگا۔ وزارت نے تمام خواہش مند عازمین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے سفری دستاویزات کی بروقت تجدید کرائیں تاکہ بعد میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

وزارت مذہبی امور کی درخواست پر پاسپورٹ آفس نے اندرون اور بیرون ملک  اپنے فیلڈ دفاتر کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ حج کے خواہش مند افراد کی درخواستوں پر خصوصی توجہ دی جائے اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر سہولت فراہم کی جائے، تاکہ حج 2027 کی رجسٹریشن اور دیگر انتظامی مراحل بلا تعطل مکمل ہو سکیں۔