وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد جموں و کشمیر لیجسلیٹو اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی ہے۔
وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ قائد مسلم لیگ ن، میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن کی ٹیم نے آزاد جموں و کشمیر میں انتہائی کامیاب انتخابی مہم چلائی، آزاد کشمیر کے انتخابات کے پہلے مرحلے میں سیاسی جماعتوں نے بھرپور حصہ لیا، جو جمہوری عمل کے کامیاب انعقاد کی نشانی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ عوام اگلے مرحلے میں بھی اسی جوش و خروش سے حصہ لے کر جمہوری عمل کو کامیاب بنائیں۔
آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے میں غیرسرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن نے میدان مارلیا۔
13 نشستوں کے مکمل غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج ایکسپریس نیوز کو موصول ہوگئے جس کے مطابق ن لیگ نے 9 اور پیپلزپارٹی نے 4 نشستوں پر میدان ماریا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق میرپور ڈویژن کے تین اضلاع میرپور، کوٹلی اور بھمبر کے 13 حلقوں میں عوام نے پیر کو ووٹنگ کے عمل میں حصہ لیا، پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 6 بجے تک جاری رہا امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے۔
5 بجے پولنگ کا وقت ختم ہونا تھا تاہم چیف الیکشن کمشنر نے میرپور ڈویژن میں پولنگ کا وقت ایک گھنٹہ بڑھادیا جو کہ 6 بجے تک جاری رہا جس کے بعد پولنگ کا عمل روک کر ووٹوں کی گنتی کی گئی۔
غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج:
حلقہ ایل اے 1 میرپور 1
حلقہ ایل اے 1 میرپور 1 کے تمام 139 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے اظہر صادق 15 ہزار 427 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے، جبکہ پیپلز پارٹی کے محمد افسر شاہد 9 ہزار 832 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے۔
ایل اے 2 میرپور 2
ایل اے 2 میرپور 2 میں تمام 149 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج مکمل ہونے پر پیپلز پارٹی کے قاسم مجید 12 ہزار 904 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے عظیم بخش چوہدری 8 ہزار 182 ووٹ حاصل کر سکے۔
ایل اے 3 میرپور 3
ایل اے 3 میرپور 3 میں بھی پیپلز پارٹی نے میدان مار لیا۔ تمام 161 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج کے مطابق چوہدری یاسر سلطان 11 ہزار 676 ووٹ کے ساتھ کامیاب رہے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے چوہدری محمد سعید نے 9 ہزار 832 ووٹ حاصل کیے۔
ایل اے 4 میرپور 4
ایل اے 4 میرپور 4 میں تمام 162 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج مکمل ہونے پر مسلم لیگ (ن) کے چوہدری رخسار احمد 20 ہزار 172 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ پیپلز پارٹی کے چوہدری صہیب ارشد 13 ہزار 865 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
ایل اے 5 بھمبر 1
ایل اے 5 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار وقار احمد نور 30259 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے جبکہ پیپلزپارٹی کے امیدوار چوہدری پرویز اشرف نے 29574 ووٹ حاصل کیے۔
ایل اے 6 بھمبر 2
ایل اے 6 بھمبر 2 میں 195 میں سے 100 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے چوہدری محمد رزاق 21 ہزار 210 ووٹ لے کر سبقت برقرار رکھے ہوئے ہیں، جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے علی شان چوہدری 11 ہزار 354 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
ایل اے 7 بھمبر 3
ایل اے 7 بھمبر 3 کے تمام 237 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج مکمل ہونے پر مسلم لیگ (ن) کے چوہدری طارق فاروق 35 ہزار 490 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے، جبکہ آزاد امیدوار چوہدری انوار الحق 25 ہزار 100 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
ایل اے 8 کوٹلی 1
ایل اے 8 کوٹلی 1 میں تمام 155 پولنگ اسٹیشنوں کے غیرحتمی نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے ظفر اقبال ملک 19 ہزار 535 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے ملک محمد نواز خان 11 ہزار 966 ووٹ حاصل کر سکے۔
ایل اے 9 کوٹلی 2
ایل اے 9 کوٹلی 2 میں تمام 178 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج مکمل ہونے پر مسلم لیگ (ن) کے عمیر نعیم 31 ہزار 80 ووٹ کے ساتھ فاتح قرار پائے، جبکہ پیپلز پارٹی کے جاوید اقبال بڈھانوی 28 ہزار 509 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
ایل اے 10 کوٹلی 3
ایل اے 10 کوٹلی 3 میں تمام 169 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے چوہدری محمد یاسین 12431 ووٹ لے کر کامیاب رہے جبکہ ن لیگ کے فتح محمود الحسن 9245 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔
ایل اے 11 کوٹلی 4
ایل اے 11 کوٹلی 4 کے تمام 206 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے محمد آصف 26 ہزار 190 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے، جبکہ پیپلز پارٹی کے چوہدری محمد اخلاق 21 ہزار 751 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے۔
ایل اے 12 کوٹلی 5
حلقہ ایل اے 12 کوٹلی 5 کے تمام 207 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیرسرکاری نتائج سامنےآگئے جس کے مطابق ن لیگ کے محمد ریاست خان 35168 ووٹ لےکر کامیاب ہوگئے جبکہ پیپلزپارٹی کے چوہدری محمد یاسین 30320 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
ایل اے 13 کوٹلی 6
ایل اے 13 کوٹلی 6 میں تمام 193 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج مکمل ہونے کے بعد مسلم لیگ (ن) کے راجہ ایاز احمد خان 21 ہزار 856 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے، جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے نثار انصار ابدالی 15 ہزار 859 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب کا ایکس پر بیان
مسلم لیگ ن کی رہنما اور پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر لکھا کہ 24 جولائی کو میرپور نے قائد نواز شریف اور وزیراعلی مریم نواز شریف کی آمد پر مسلم لیگ (ن) کے حق میں فیصلہ سنا دیا تھا اور آج شیر پر مہر لگا کر باضابط یہ اعلان کردیا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کی ترقی صرف مسلم لیگ (ن) سے جڑی ہے۔
مریم اورنگزیب نے لکھا کہ 21 جولائی کو مظفر آباد بھی اپنا یہ فیصلہ پہلے ہی سنا چکا ہے، 2 اگست کو شیر پر مہر لگا کر کشمیری اپنے اس فیصلے کا باضابطہ اعلان کریں گے، انشاء اللہ۔
ووٹ ڈالنے کی شرح میں کمی
پولنگ کے عمل میں پچھلے الیکشن کی نسبت کم تعداد میں لوگوں نے حق رائے دہی استعمال کیا اور ووٹ ڈالنے کی شرح ماضی سے کم رہی۔
آئی پی پی کے امیدوار گرفتار، ڈپٹی کمشنر، ڈی ایس پی اور ایس ایچ او معطل
آزاد کشمیر کے علاقے میر پور کی تحصیل بھمبر آزاد کشمیر میں پولیس نے استحکام پاکستان پارٹی کے امیدوار علی شان سونی کو گرفتار کرلیا۔ کمشنر میر پور طاہر ممتاز نے آئی پی پی کے امیدوار علی شان سونی کی گرفتاری کی تصدیق کی اور بتایا کہ وہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ چار پولنگ اسٹیشنوں سے بیلٹ بکس اٹھا کر لے گئے تھے۔
کمشنرمیرپور کے مطابق انتخابی عمل میں مداخلت پر علی شان سونی و دیگر کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ایل اے 6 سماہنی سے بیلٹ باکس لے جانے کے معاملے پر اسسٹنٹ کمشنر ، پی ڈی ایس پی اور ایس ایچ او سماہنی کو معطل کردیا گیا۔
ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر دو پریذائیڈنگ افسران گرفتار
الیکشن کمیشن نے سوشل میڈیا رپوٹس پر کوٹلی میں دو پریزائیڈنگ افسران کے خلاف سخت نوٹس لیا۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق پریزائیڈنگ افسران پولنگ اسٹیشن پہنچنے کے بجائے نجی رہائش گاہ چلے گئے تھے جس پر الیکشن کمیشن نے فوری نوٹس لیتے ہوئے انکے خلاف ایف آئی آر درج کروائی۔
ترجمان کے مطابق الیکشن کمیشن نے دونوں پریزائیڈنگ افسران کو گرفتار کروا کر حوالات بند کروا دیا، دونوں پریزائیڈنگ آفیسران کو الیکشن کمیشن نے ملازمت سے بھی معطل کردیا ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے ہر شخص کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، گرفتار پریزائیڈنگ افسران کے خلاف انتخابی قوانین کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے، انتخابی عمل میں غفلت یا بے ضابطگی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
کمشنر میرپور ڈویژن راجہ طاہر ممتاز خان نے مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کرکے پولنگ کے عمل اور انتظامات کا جائزہ لیا، انہوں نے پولنگ اسٹیشنز پر سکیورٹی اور عوامی سہولیات کا بھی معائنہ کیا۔
میرپور ڈویژن کے 13 انتخابی حلقوں میں مجموعی طور پر 14 لاکھ ایک ہزار 439 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں جن میں 7 لاکھ 25 ہزار 118 مرد اور 6 لاکھ 75 ہزار 628 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔
انتخابی عمل کے لیے ڈویژن بھر میں 2 ہزار 454 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے۔ ضلع میرپور کے 4 حلقوں میں 597، ضلع کوٹلی کے 6 حلقوں میں 1107 جبکہ ضلع بھمبر کے 3 حلقوں میں 608 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے۔
ان حلقوں میں سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کے ساتھ ساتھ آزاد امیدوار بھی میدان میں ہیں۔ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن)، استحکام پاکستان پارٹی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے جبکہ مجموعی طور پر 296 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے واضح کیا ہے کہ ووٹنگ کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے یا انتخابی ماحول خراب کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
چیف سیکریٹری آزاد جموں و کشمیر خوشحال خان نے کہا کہ پرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام ریاستی ادارے مکمل طور پر تیار ہیں۔ انتخابی عمل میں خلل ڈالنے یا امن و امان خراب کرنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ن لیگ اور پی پی میں تصادم، پیپلز پارٹی کا کارکن جاں بحق، تین زخمی
آزاد کشمیر کے حلقہ نکیال میں پولنگ کے دوران پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں پیپلز پارٹی کے کارکن مختار یونس جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہو گئے۔
اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ نکیال کے گاؤں دھیری میں پیش آیا جہاں پولنگ کے دوران دونوں جماعتوں کے کارکن آمنے سامنے آ گئے۔ کشیدگی بڑھنے پر فائرنگ ہوئی جس کے نتیجے میں مختار یونس موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ تین افراد زخمی ہوئے، واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پائی جا رہی ہے جبکہ متعلقہ ادارے واقعے کی تحقیقات میں مصروف ہیں۔
پیپلزپارٹی آزاد جموں و کشمیر الیکشن سیل کے انچارج سردار عبدالشکور نے الزام عائد کیا کہ حلقہ ایل اے 9 نکیال میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سردار عمیر نعیم کی جانب سے اسلحے کی نمائش اور عوام کو ہراساں کرنے کے واقعات کے دوران پاکستان پیپلزپارٹی کے کارکن مختار یونس ولد کامران جاں بحق ہوگئے۔
سردار عبدالشکور نے کہا کہ اس افسوسناک واقعے میں ملوث تمام افراد کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے، علاقے میں امن و امان کی صورتحال بحال کی جائے اور ووٹرز کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ چند روز قبل سردار عمیر نعیم اور ان کے ساتھیوں کی جانب سے اسلحے کی نمائش اور لوگوں کو خوفزدہ کرنے کی ویڈیو بھی منظر عام پر آ چکی تھی۔ اگر اس وقت متعلقہ ادارے بروقت کارروائی کرتے تو آج اس افسوسناک واقعے سے بچا جا سکتا تھا۔
سردار عبدالشکور نے الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر، ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ واقعے کی فوری تحقیقات کر کے ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ انتخابی عمل پرامن ماحول میں مکمل ہوسکے۔
بلاول بھٹو زرداری مظفرآباد پہنچ گئے
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول مظفرآباد پہنچ گئے۔ وزیراعظم ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور، سیکریٹری جنرل پیپلز پارٹی ہمایوں خان، سیکریٹری جنرل پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرنز نئیر بخاری اور دیگر نے مظفرآباد پہنچنے پر بلاول کا استقبال کیا۔
ن لیگ کے امیدوار کی فائرنگ سے ہمارا کارکن جاں بحق ہوا، بلاول
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہید کارکن کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سردار عمیر نعیم کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں ان کے کارکن مختار یونس شہید ہوئے۔
بلاول بھٹو زرداری نے سوال اٹھایا کہ متعلقہ حکام اور الیکشن کمیشن کہاں ہیں؟ انہوں نے کہا کہ اگر دو روز قبل سامنے آنے والی مبینہ فائرنگ کی ویڈیو کا بروقت نوٹس لیا جاتا تو آج ایک قیمتی انسانی جان ضائع نہ ہوتی۔
بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ مختار یونس، پیپلز پارٹی کے امیدوار جاوید بڈھانوی کے ساتھ بھرپور انتخابی مہم چلا رہے تھے اور مخالفین اپنی ممکنہ شکست دیکھ کر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔
پیپلز پارٹی کا ایل اے-8 کوٹلی ون راج محل کے متعدد پولنگ اسٹیشنز پر ری پولنگ کا مطالبہ
نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے ایل اے-8 کوٹلی ون راج محل کے متعدد پولنگ اسٹیشنز پر فوری ری پولنگ کا مطالبہ کردیا اور کہا ہے کہ راج محل میں پیپلز پارٹی کے پولنگ ایجنٹ کو مبینہ طور پر یرغمال بنائے جانے کی شکایت کا فوری نوٹس لیا جائے، پولنگ اسٹیشنز 76، 77 اور 79 پر بڑھتے ہوئے ہجوم کے باعث امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ راج محل ایل اے-8 کے پولنگ اسٹیشنز 76، 77 اور 79 پر پیپلز پارٹی کے ووٹرز کی بڑی تعداد موجود ہے، مزید پولیس اور سکیورٹی فورس تعینات کی جائے، ایل اے-8 کوٹلی ون میں پولنگ کے عمل کو شفاف اور پرامن رکھنے کے لیے اضافی نفری تعینات کی جائے، پولنگ اسٹیشنز 91 سے 94 تک واقعات سمیت تمام شکایات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات ضروری ہیں۔
سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ ن لیگ کی مبینہ مداخلت اور انتخابی بے ضابطگیوں کے باعث صورتحال تشویش ناک ہوچکی ہے، موجودہ حالات میں انتخابی عمل کی شفافیت متاثر ہو رہی ہے، الیکشن کمیشن فوری مداخلت کرے، ووٹرز کو آزادانہ حق رائے دہی کے لیے محفوظ ماحول فراہم کیا جائے، کسی بھی دباؤ یا رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جا سکتا، ایل اے-8 کوٹلی ون کے متاثرہ پولنگ اسٹیشنز پر شفاف عمل یقینی بنائے بغیر انتخابی نتائج پر اعتماد بحال نہیں ہو سکتا۔
ن لیگ کا پیپلز پارٹی پر دھاندلی کا الزام
پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے الزام عائد کیا ہے کہ پیپلز پارٹی کشمیر کے الیکشن میں دھاندلی کررہی ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ میر پور نے کسی احتجاج یا شرپسندوں کے بجائے ووٹ کو ترجیح دی، کچھ پولنگ کیمپس میں لوگ لڈو مچا رہے ہیں، کل دھاندلی کا بھاشن دیا گیا اور آج انکا اصل چہرہ قوم کے سامنے ہے، کشمیر میں امیدوار تو غائب ہوتے ہیں لیکن تھیلے بھی غائب ہو جاتے ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ کشمیر میں ووٹ ڈالنے والے مریم نواز کی حکومت کی تعریفیں کررہے ہیں، وہ بھی چاہتے ہیں اپنی چھت اپنا روزگار پروگرام انکو ملے، جو پارٹیاں کشمیر میں الیکشن لڑ رہی ہیں وہ کوئی نہیں کہہ رہا ہے کشمیر کو اپنے صوبہ جیسا بنا دیں گے