بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسسٹنگ کوچ عہدے سے مستعفی

میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے انگلینڈ میں ہی بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کو اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا تھا


ویب ڈیسک July 28, 2026

بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ ریان ٹین ڈوشیٹ نے انگلینڈ کے خلاف وائٹ بال سیریز کے اختتام پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ریان ٹین ڈوشیٹ نے انگلینڈ میں ہی بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کو اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا تھا۔

اطلاعات ہیں کہ وہ اب انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی فرنچائز کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کے کوچنگ اسٹاف میں شامل ہوں گے۔

ریان ٹین ڈوشیٹ 2024 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کی فتح کے بعد اس وقت بھارتی ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کا حصہ بنے تھے، جب ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے راہول ڈریوڈ کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔ گوتم گمبھیر کی سفارش پر مقرر کیے گئے ٹین ڈوشیٹ نے بیٹنگ اور فیلڈنگ سمیت مختلف شعبوں میں اہم کردار ادا کیا۔

رپورٹس کے مطابق کولکتہ نائٹ رائیڈرز میں وہ ایک بار پھر ابھیشیک نائر کے ساتھ کام کریں گے، جن کے ساتھ وہ ماضی میں بھی کے کے آر اور بھارتی ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کا حصہ رہ چکے ہیں۔

ریان ٹین ڈوشیٹ کا کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے ساتھ طویل تعلق رہا ہے۔ بطور کھلاڑی انہوں نے 2012 اور 2014 میں ٹیم کے ساتھ آئی پی ایل ٹائٹل جیتے جبکہ 2022 میں فیلڈنگ کوچ کی حیثیت سے بھی فرنچائز میں واپسی کی۔ وہ 2024 تک کوچنگ اسٹاف کا حصہ رہے، جس دوران ٹیم نے گوتم گمبھیر کی سرپرستی میں ایک اور آئی پی ایل ٹائٹل اپنے نام کیا۔

ٹین ڈوشیٹ کے دورِ معاون کوچنگ میں بھارت نے 2025 کا ایشیا کپ جیتا اور 2026 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا کامیابی سے دفاع بھی کیا۔

تاہم، ٹیسٹ کرکٹ میں ٹیم کی کارکردگی توقعات کے مطابق نہ رہی۔ بھارت کو آسٹریلیا میں بارڈر-گواسکر ٹرافی میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ نیوزی لینڈ نے اسے ہوم گراؤنڈ پر 3-0 اور جنوبی افریقہ نے 2-0 سے وائٹ واش کیا۔