پاسداران انقلاب کی جانب سے امریکی فوجی اڈوں پر داغے گئے میزائل فضا میں ہی تباہ کر دیے، سینٹکام

تمام امریکی افواج محفوظ ہیں اور خطے میں ہائی الرٹ پر موجود ہیں، امریکی سینٹرل کمانڈ


ویب ڈیسک July 28, 2026
فوٹو: فائل

واشنگٹن:

امریکی حکام کے مطابق ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے کے لیے ایران سے متعدد بیلسٹک میزائل داغے تاہم امریکی دفاعی نظام نے تمام میزائل کامیابی سے فضا ہی میں تباہ کر دیے۔

امریکی سینٹرل کمانڈ نے سوشل میڈیا پر جاری ہونے والے اپنے بیان میں کہا گیا کہ حملے کے باوجود مشرق وسطیٰ میں تعینات تمام امریکی افواج محفوظ ہیں اور خطے میں ہائی الرٹ پر موجود ہیں۔

امریکا کے مطابق اس وقت مشرق وسطیٰ میں امریکی بحریہ کے 20 سے زائد جنگی جہاز مختلف فوجی مشنز پر تعینات ہیں جن میں ایران کے خلاف نافذ کردہ امریکی بحری ناکہ بندی پر عمل درآمد بھی شامل ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ امریکی سینٹرل کمانڈ نے 28 جولائی تک کارروائیوں کے دوران 18 تجارتی بحری جہازوں کا رخ موڑا 2 کو ناکارہ بنایا اور مزید 2 جہازوں پر سوار ہو کر تلاشی لی تاکہ امریکی پابندیوں اور اقدامات پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔

امریکی حکام نے کہا کہ خطے کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے امریکی افواج مکمل طور پر تیار ہیں۔

دوسری جانب ایرانی میڈیا کے مطابق بیلسٹک میزائل حملہ اردن میں امریکی فوجی تنصیبات پر کیا گیا ہے۔