ٹائیگر شروف فلموں کے بعد فٹبال کی دنیا میں انٹری کیلئے تیار

ان کی محنت اور باقاعدہ ٹریننگ مستقبل میں انہیں ٹیم کا مستقل رکن بنانے کی راہ بھی ہموار کر سکتی ہے


ویب ڈیسک July 29, 2026

بالی ووڈ کے ایکشن اسٹار ٹائیگر شروف جلد ہی اداکاری کے ساتھ فٹبال کے میدان میں بھی اپنی صلاحیتیں آزمانے والے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹائیگر شروف کاروباری شخصیت علی احمد کے فٹبال کلب ممبئی ایف سی کی جانب سے 135ویں ڈورنڈ کپ میں کھیلیں گے۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ٹائیگر شروف کی محنت اور باقاعدہ ٹریننگ مستقبل میں انہیں ٹیم کا مستقل رکن بنانے کی راہ بھی ہموار کر سکتی ہے۔ وہ ٹیم کے ساتھ باقاعدگی سے ٹریننگ حاصل کر رہے ہیں اور ان کی صلاحیتوں نے کوچنگ اسٹاف کو بھی متاثر کر دیا ہے۔

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

ٹائیگر شروف اور ممبئی ایف سی کی ٹیم 30 جولائی کو ڈورنڈ کپ کے آئندہ میچز کے لیے شیلانگ روانہ ہونے والی ہے۔ تاہم اداکار یا کلب کی جانب سے اس حوالے سے تاحال باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔

واضح رہے کہ ٹائیگر شروف اپنی انتہائی منظم فٹنس روٹین کے لیے جانے جاتے ہیں۔ وہ سوشل میڈیا پر مارشل آرٹس، جمناسٹکس، پارکور اور ہائی انٹینسٹی ورک آؤٹس سمیت مختلف جسمانی سرگرمیوں میں اپنی مہارت کا مظاہرہ کرتے رہے ہیں۔ ایسے میں مسابقتی فٹبال میں ان کی ممکنہ شمولیت کھیلوں سے ان کی دلچسپی کا ایک نیا پہلو قرار دی جا رہی ہے۔