گجرانوالہ/
لاہور:
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں صبح سے موسلادھار بارش جاری ہے جس کے سبب نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ اہم شاہراہوں ہر پانی جمع ہوگیا جس سے ٹریفک کا نظام شدید متاثر ہوا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کی بارشوں کا نیا سسٹم آج سے 5 جولائی تک کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش برسائے گا، لاہور میں بھی رات گئے سے اب تک کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش کے باعث گرمی کی شدت میں کمی آگئی اور موسم خوش گوار ہوگیا۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے پنجاب بھر میں بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ لاہور میں ایم ڈی واسا کی ہدایت پر آپریشنل اسٹاف کو بارش کے ہوتے ہی نکاسی آب کے لیے شاہراہوں پر پہنچنے کی ہدایات کی گئی۔
لاہور میں اب تک سب سے زیادہ بارش مغل پورہ میں 44 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ لکشمی چوک میں 15.8، اپر مال میں 1.8، تاجپورہ میں 38.6، جوہر ٹاؤن میں 26.8، چوک ناخدا میں 20.2، پانی والا تالاب میں 19.8، مناواں میں 13.2، شادی پورہ میں 7.4، نشتر ٹاؤن میں 4.4، فرخ آباد میں 1 اور سگیاں میں 0.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، قصور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ، خوشاب، میانوالی، لیہ، بھکر، نورپور تھل، سرگودھا، ساہیوال، اوکاڑہ، پاکپتن، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان، خانیوال، ملتان، وہاڑی، لودھراں، مظفرگڑھ، کوٹ ادو، ڈیرہ غازی خان اور راجن پور، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاءالدین، گجرات، گجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد، سیالکوٹ اور نارووال میں بارش کا امکان ہے۔
لاہور، راولپنڈی، گجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے جبکہ مری گلیات اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔
لاہور ٹریفک پولیس نے رین ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے بارش کے دوران حتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کر دی، شہری مناسب رفتار سے اگلی گاڑی سے محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں اور اچانک بریک لگانے سے گریز کریں جبکہ موٹر سائیکل سوار ہیلمٹ لازمی پہنیں اور پھسلن کے باعث غیر ضروری اوور ٹیکنگ سے اجتناب کریں۔
گجرانوالہ
گجرانوالہ شہر اور گردونواح میں رات سے برسنے والی طوفانی بارش کا سلسلہ تاحال جاری ہے، بارش سے شہر کے نشیبی علاقے اور گلی محلے زیر آب آگئے جبکہ شہر کے انڈر پاسز پانی سے بھر گئے جس کی وجہ سے ہر قسم کی آمدورفت بند ہوگئی۔
سول اسپتال روڈ، سیالکوٹ روڈ، کمشنر روڈ، ڈی سی روڈ، پسرور روڈ، گل روڈ پر کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا۔ اسی طرح مین جی ٹی روڈ، حافظ آباد روڈ، ماڈل ٹاؤن، پیپلز کالونی سمیت شہر کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔
ڈپٹی کمشنر نوید احمد کے مطابق گجرانوالہ میں اوسطاً 140 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے، سب سے زیادہ 171 ملی میٹر بارش پیپلز کالونی میں ریکارڈ ہوئی جبکہ نوشہرہ روڈ پر 151 ملی میٹر، سیٹلائٹ ٹاؤن میں 150 ملی میٹر، عالم چوک میں 149 ملی میٹر، کھیالی میں 142 ملی میٹر اور راجکوٹ میں 77 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
سیالکوٹ
سیالکوٹ میں دو گھنٹے کی بارش نے شہر کے مختلف علاقوں کو ڈبو دیا، دارا ارائیاں اور ارد گرد کے علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا۔
تیز بارش سے پانی لوگوں کے گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگیا جبکہ نکاسی کے لیے ضلع انتظامیہ اور مشینری کہیں پر نظر نہیں آ رہی۔