بھارتی لیجنڈری اداکار دیو آنند کے بیٹے اور اداکار و فلمساز سنیل آنند 70 برس کی عمر میں لندن میں انتقال کر گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار کو اچانک دل کا دورہ پڑا جس کی وجہ سے ان کا انتقال ہوا۔ انہوں نے اسی اسپتال میں آخری سانس لی جہاں ان کے والد دیو آنند کا بھی 2011 میں انتقال ہوا تھا۔
سنیل آنند کی بھتیجی جینا نارنگ نے خاندان کی طرف سے جاری بیان میں بتایا کہ اہلِ خانہ اس مشکل وقت میں ملنے والی محبت، دعاؤں اور حمایت کے لیے شکر گزار ہیں اور لوگوں سے نجی زندگی کا احترام کرنے کی درخواست ہے۔
واضح رہے کہ فلمی خاندان سے تعلق رکھنے والے سنیل آنند نے 1984 میں فلم ’آنند اور آنند‘ سے اداکاری کا آغاز کیا مگر فلم باکس آفس پر کامیاب نہ ہو سکی۔
بعد ازاں سنیل آنند ’کار تھیف‘ (1986) اور ’میں تیرے لیے‘ (1988) جیسی فلموں میں بھی نظر آئے، لیکن اداکاری میں خاطر خواہ کامیابی نہ ملنے کے بعد انہوں نے اپنے والد کے پروڈکشن ہاؤس ’نوکیتن فلمز‘ کے انتظامی امور سنبھالے۔