واشنگٹن میں نیتن یاہو کے خلاف بڑا احتجاج، مظاہرین کی ہوٹل میں گھسنے کی کوشش، گرفتاری کا مطالبہ

شدید بارش کے باوجود مظاہرین فلسطینی پرچم اور بینرز اٹھائے وائٹ ہاؤس کی جانب مارچ کرتے رہے


ویب ڈیسک July 29, 2026

واشنگٹن: اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے دورۂ امریکا کے دوران واشنگٹن ڈی سی میں سینکڑوں افراد نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے امریکی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ بین الاقوامی فوجداری عدالت کے جاری کردہ وارنٹ گرفتاری پر عمل درآمد کرے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق شدید بارش کے باوجود مظاہرین فلسطینی پرچم اور بینرز اٹھائے وائٹ ہاؤس کی جانب مارچ کرتے رہے۔ احتجاج کے دوران سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے تھے اور پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی۔

رپورٹس کے مطابق مظاہرین کا ایک گروپ جارج ٹاؤن میں واقع فور سیزنز ہوٹل کی لابی میں بھی داخل ہو گیا، جہاں بنیامین نیتن یاہو رات کے کھانے میں شریک تھے۔

مظاہرین نے ہوٹل کے اندر موجود ریستوران تک پہنچنے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی اہلکاروں نے انہیں روک کر عمارت سے باہر نکال دیا۔

احتجاج کے دوران مظاہرین ’بی بی، بی بی، تم چھپ نہیں سکتے، تم نسل کشی کر رہے ہو‘ جیسے نعرے بھی لگاتے رہے، جن کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل رہی ہیں۔

واضح رہے کہ بین الاقوامی فوجداری عدالت نے 2024 میں بنیامین نیتن یاہو اور سابق اسرائیلی وزیر دفاع یوآو گیلنٹ کے خلاف مبینہ جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے الزامات کے تحت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔ اسرائیل ان الزامات کو مسترد کرتا رہا ہے۔

تاحال امریکی حکام کی جانب سے احتجاج پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا، جبکہ نیتن یاہو کے دورۂ واشنگٹن کے دوران ان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔