اسلام آباد:
روس جانے کے خواہشمند سیاحوں کے لیے جدید سہولیات سے آراستہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم Visit Russia متعارف کرا دیا گیا۔
اسلام آباد میں روسی سفارتخانے کے مطابق یہ پلیٹ فارم بین الاقوامی مسافروں کو ایک ہی جگہ پر مکمل سفری رہنمائی فراہم کرے گا اور یہ ویب سائٹ اور موبائل ایپ دونوں صورتوں میں دستیاب ہے۔
یہ پلیٹ فارم مصنوعی ذہانت کی مدد سے صارفین کو اپنی سفری منصوبہ بندی آسان بنانے میں مدد دیتا ہے۔ مسافر اب اپنے ٹرپ کا شیڈول ترتیب دینے سے لے کر فضائی ٹکٹ، ہوٹل بکنگ، ٹریول انشورنس اور ایئرپورٹ ٹرانسفر تک تمام سہولیات ایک ہی پلیٹ فارم پر حاصل کر سکتے ہیں۔
وزٹ رشیا کے ذریعے سیاح ماسکو، سینٹ پیٹرزبرگ، قازان اور سوچی جیسے روس کے مشہور شہروں کے بارے میں معلومات حاصل کر سکتے ہیں اور اپنی دلچسپی کے مطابق سفر کی منصوبہ بندی کر سکتے ہیں۔
یہ پلیٹ فارم روس کے تاریخی مقامات، عجائب گھروں، ثقافتی مراکز اور قدرتی مناظر سے متعلق جامع معلومات بھی فراہم کرتا ہے، جس سے سیاحوں کو اپنے سفر کو بہتر اور یادگار بنانے میں مدد ملتی ہے۔
روسی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ چاہے آپ تفریح، کاروبار یا ثقافتی تبادلے کے لیے روس جا رہے ہوں، وزٹ رشیا سفر کی تیاری سے لے کر روس میں آپ کے قیام کو زیادہ آسان، بامقصد اور یادگار بنانے تک آپ کا قابلِ اعتماد ڈیجیٹل ساتھی ہے۔