کراچی میں ریسٹورنٹ کے باہر میاں بیوی سے موٹر سائیکل چھین لی گئی، ویڈیو سامنے آگئی

واردات تھانہ سرسید کی حدود میں پیش آئی جس کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے


ویب ڈیسک July 29, 2026

کراچی:

شہر قائد میں نئی موٹر سائیکل رکھنا شہریوں کا جرم بن گیا، نارتھ کراچی سکیٹر 11 اے ریسٹورنٹ کے باہر میاں بیوی سے موٹر سائیکل چھین لی گئی۔

تفصیلات کے مطابق سر سید تھانے کے علاقے نارتھ کراچی سکیٹر 11 اے کی چلتی روڈ پر بے خوف ملزمان نے موٹرسائیکل چھیننے کی واردات صرف 20 سیکنڈز میں انجام دی۔

رات ساڑھے 10 بجے پیش آئی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ میاں بیوی ریسٹورنٹ کے باہر جیسے ہی موٹر سائیکل پر بیٹھے تو ملزمان آگئے۔ ایک موٹر سائیکل پر سوار 3 ملزمان اچانک سامنے آئے اور اسلحے کے زور پر موٹر سائیکل چھین لی۔

شہری کی جانب سے مزاحمت نہیں کی گئی اور ملزمان موٹر سائیکل لیکر باآسانی فرار ہوگئے۔

واردات تھانہ سرسید کی حدود میں پیش آئی۔ پولیس نے 28 جولائی کو ہونے والی واردات کا مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔