امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سانتا کروز میں 16 سالہ لائف گارڈ رائڈر ولیمز نے خطرناک سمندری لہروں میں پھنسے 10 سالہ بچے کی جان بچا کر بہادری کی مثال قائم کر دی۔
یہ واقعہ سانتا کروز کے سی برائٹ بیچ پر پیش آیا، جہاں تیز اور بلند لہروں نے 10 سالہ بچے کو سمندر میں تقریباً 15 گز دور تک بہا دیا۔ یہ صورتحال دیکھتے ہی 16 سالہ رائڈر نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر سمندر میں چھلانگ لگا دی اور بچے کو بچانے کی کوشش شروع کی۔
شدید لہروں کے باعث ریسکیو آپریشن انتہائی مشکل ہو گیا۔ رائڈر کئی مرتبہ لہروں کے نیچے کھنچتا رہا، مگر اس نے بچے کو اپنی گرفت سے جانے نہیں دیا۔ چند منٹ تک جاری رہنے والی اس کارروائی کے بعد ایک اور لائف گارڈ بھی مدد کے لیے پہنچا اور دونوں نے بچے کو بحفاظت ساحل تک پہنچایا۔
ساحل پر پہنچنے کے بعد بچے کو طبی عملے نے چیک کیا اور بعد ازاں اسے اہلِ خانہ کے حوالے کر دیا گیا۔ خوش قسمتی سے بچے کو کوئی سنگین چوٹ نہیں آئی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ردعمل:
رائڈر کی بہادری کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد یہ واقعہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اس بہادری کا نوٹس لیتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ رائڈر اور اس کے اہلِ خانہ کو وائٹ ہاؤس مدعو کریں گے اور اسے اعلیٰ سول اعزاز سے نوازیں گے۔