سرفراز احمد کا ٹیم کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار، تبدیلیوں کا اشارہ

ٹیم کو پہلی اننگز میں برتری حاصل کرنی چاہیے تھی لیکن موقع ضائع کردیا گیا، ہیڈ کوچ


اسپورٹس ڈیسک July 29, 2026

پاکستان ریڈ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں 90 رنز کی شکست کے بعد دوسرے میچ کے لیے پلیئنگ الیون میں تبدیلیوں کا عندیہ دیا ہے۔

میچ کے بعد پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ ٹیم کی بیٹنگ کارکردگی مایوس کن رہی، خاص طور پر دوسری اننگز میں ٹیم ایک بار پھر توقعات پر پورا نہیں اتری اور یہی شکست کی بڑی وجہ بنی۔

سرفراز کا کہنا تھا کہ ٹیم کو پہلی اننگز میں برتری حاصل کرنی چاہیے تھی لیکن موقع ضائع کردیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ امام الحق اچھی بیٹنگ کر رہے تھے اگر وہ کچھ مزید صبر سے کھیلتے تو ٹیم بہتر پوزیشن میں آسکتی تھی۔

ہیڈ کوچ نے تیسرے روز بولرز کی کارکردگی پر بھی مایوسی کا اظہار کیا اور کہا کہ ویسٹ انڈیز کو آٹھویں وکٹ کے لیے 61 رنز کی شراکت بنانے کا موقع نہیں دینا چاہیے تھا۔

انہوں نے پانچ بولرز کے ساتھ میدان میں اترنے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے کنڈیشنز کو درست انداز میں دیکھا تھا۔

سرفراز نے مزید بتایا کہ سعود شکیل اور عبداللہ شفیق بدستور انتخاب کے لیے زیر غور ہیں تاہم حتمی فیصلہ میچ کی صورتحال اور وکٹ کو دیکھ کر کیا جائے گا۔