سوات میں آپریشن کے دوران 5 خوارجی جہنم واصل، ایک پولیس اہلکار شہید

آپریشن کے دوران ایلیٹ فورس کے جوان کانسٹیبل گلفام خوارج کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہوگئے


ویب ڈیسک July 29, 2026
فوٹو: فائل

مٹہ سوات میں پولیس اور سی ٹی ڈی کے مشترکہ آپریشن میں 5 خوارجی جہنم واصل کردیے گئے جب کہ کئی دیگر زخمی ہو گئے، کارروائی میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سوات میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا گیا۔ اس حوالے سے آئی جی کے پی ذوالفقار نے بتایا ہے کہ پولیس نے سوات مٹہ میں آنے والے پانچ دہشتگردوں کو ہلاک کردیا ہے، دہشت گردوں کے خلاف کاروائیوں میں پولیس کا ایک جوان شہید ہوا ہے۔

آئی جی نے بتایا کہ ان علاقوں میں آنے والے دہشت گردوں کے ساتھ افغان دہشت گرد بھی ہوتے ہیں، دہشت گردوں کی افغانستان سے آمد کی اطلاع تھی۔ 

آئی جی کا کہنا تھا کہ ٹانک خود کش حملے میں 12 سے 14 سو کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا، ٹانک حملے میں مارے جانے والے چاروں دہشت گرد افغان تھے، ابھی تک کی تحقیقات کے مطابق چاروں میں سے کوئی بھی پاکستانی ثابت نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ڈی آئی خان اسکول حملہ، ٹانک خود کش حملے میں مشابہت ہے، دونوں حملے کا طریقہ کار مختلف نہیں تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ جنوبی اضلاع میں نیٹو کا چھوڑا ہوا اسلحہ اور ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے، ممکن نہیں کہ دہشت گرد یہ سب کچھ افغان حکومت کی مدد کے بغیر حاصل کرسکیں۔